پاکستان مسلم لیگ ق نے تحریک انصاف کی دو اہم سیاسی وکٹیں گرا دیں

جھنگ سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈرز مہرعلی نوازبھروانہ اور محمد نواز بھروانہ نے ساتھیوں سمیت ق لیگ میں شامل، چودھری پرویز الٰہی کا دونوں رہنماؤں کی پارٹی میں شمولیت کا خیرمقدم

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 20 جنوری 2022 21:58

پاکستان مسلم لیگ ق نے تحریک انصاف کی دو اہم سیاسی وکٹیں گرا دیں
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 جنوری2022ء) پاکستان مسلم لیگ ق نے تحریک انصاف کی دو اہم سیاسی وکٹیں گرا دیں، جھنگ سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈرز مہر علی بھروانہ اور محمد نواز بھروانہ نے ساتھیوں سمیت ق لیگ میں شمولیت اختیار کرلی، چودھری پرویز الٰہی نے دونوں رہنماؤں کی پارٹی میں شمولیت کا خیرمقدم کیا ہے۔ دنیا نیوز کے مطابق مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنماء اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی سے جھنگ سے چار مرتبہ رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہونے والے پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈرز مہر محمد نواز خان بھروانہ اور مہر علی نواز بھروانہ نے ملاقات کی۔

ملاقات میں سیاسی صورتحال اور آئندہ انتخابات بارے بات چیت کی گئی۔ دونوں نے رہنماؤں نے مسلم لیگ ق کی قیادت کی عوامی خدمات کی تعریف کی اور تحریک انصاف چھوڑ کر ساتھیوں سمیت مسلم لیگ ق میں شمولیت اعلان کردیا ہے۔

(جاری ہے)

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پارٹی ورکز مسلم لیگ ق کا اثاثہ ہیں، مسلم لیگ ق اپنے کارکنان کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی۔ پارٹی میں شامل ہونے والے نئے ساتھیوں کو سیاسی عمل میں اہم ذمہ داریاں دی جائیں گی، مسلم لیگ ق آئندہ بلدیاتی انتخابات میں بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اترے گی۔

یاد رہے گزشتہ روز مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف ملتان کے عہدیداروں نے بھی مسلم لیگ ق میں شمولیت کا اعلان کیا تھا، اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے تحریک انصاف ملتان کے عہدیدار شوکت علی قریشی اور ن لیگی سینئر رہنما ڈاکٹر متین احمد نے ملاقات کی تھی۔ جس میں مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف ملتان کے عہدیداروں نے ساتھیوں سمیت پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ بڑھتی مہنگائی کو کنٹرول بہت ضروری ہے، روزمرہ اشیاء کی قیمتوں میں استحکام لانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے خدمت کے سفر کو تیزکرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مخلص کارکن پارٹی کا اثاثہ ہیں ہم انہیں کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ریسکیو 1122 ایمرجنسی سروس، پٹرولنگ پوسٹیں، مفت ادویات، کسانوں کو ساڑھے بارہ ایکڑ تک اراضی پر زرعی ٹیکس کی معافی، ٹیوب ویل کا آدھا بل ادا کرنا ہمارے کامیاب منصوبے ہیں۔ 

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں