محکمہ موسمیات نے ایک بار پھر ملک بھر میں بارش کی پیشگوئی کر دی

پہلے عشرے کا اختتام بارشوں پر ہوگا، 29 مارچ سے بارشوں کا نیا اسپیل پنجاب سمیت لاہور میں داخل ہو گا جو 31 مارچ تک جاری رہے گا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 27 مارچ 2023 12:08

محکمہ موسمیات نے ایک بار پھر ملک بھر میں بارش کی پیشگوئی کر دی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - 27 مارچ 2023ء) پہلے عشرے کا اختتام بارشوں پر ہوگا، محکمہ موسمیات نے ایک بار پھر ملک بھر میں بارش کی پیشگوئی کر دی۔ 29 مارچ سے بارشوں کا نیا اسپیل پنجاب سمیت لاہور میں داخل ہو گا جو 31 مارچ تک جاری رہے گا۔بالائی علاقوں میں مطلع ابرآلود رہے گا اور مزید بارش کا امکان ہے۔لاہور کا کم سے کم درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق رمضان کے پہلے عشرے کا اختتام بارشوں پر ہوگا۔بدھ سے اسلام آباد، خیبرپختونخوا، پنجاب ، بالائی سندھ اور کشمیر میں بارش کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔ ماہرین موسمیات نے کراچی میں بھی 29 مارچ سے بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔28 مارچ کو مغربی سسٹم کراچی میں داخل ہونے کے باعث 29 اور30 مارچ کو ہلکی و درمیانی بارش کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

مغربی ہواؤں کے سلسلے میں بادل برسانی والا یہ تیسرا اسپیل ہوگا، مغربی ہواں کے نتیجے میں شہرمیں بارش کے 40سے 50 فیصد امکان ہیں۔ شہر میں اس وقت40 کلومیٹر کی رفتارسے ہوائیں ساتھ ویسٹ کی جانب سے چل رہی ہیں، سسٹم ایران اور افغانستان کے راستے بلوچستان اور کے پی میں داخل ہوگا۔ مغربی ہواں کا سلسلہ ملک کے اکثر علاقوں میں پھیلے گا۔دوسری جانب حالیہ موسلا دھار بارشوں سے گندم کی فصل کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ پیدا ہو چکا ہے، خاص طور پر پکاء کے مرحلے میں گندم کی فصل داخل ہوچکی ہے، اس وقت شدید بارشوں سے گندم کی فصل بری طرح متاثر ہورہی ہے۔

حالیہ بارشوں کے ساتھ ژالہ باری سے گندم کے سٹوں کو کافی نقصان پہنچا ہے جس سے گندم کی اوسط پیداوار متاثر ہو سکتی ہے۔ ان دنوں کاشت کاروں کو زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے اور اب ان حالات میں کسی بھی آب پاشی سے مکمل اجتناب کیا جائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں