صوبائی کابینہ کا دوسرا اجلاس، بجٹ کی منظوری ،تاریخ کا بہترین رمضان پیکیج پیش کرنے پرمریم نوازشریف کو خراج تحسین

پیر 18 مارچ 2024 23:08

صوبائی کابینہ کا دوسرا اجلاس، بجٹ کی منظوری ،تاریخ کا بہترین رمضان پیکیج پیش کرنے پرمریم نوازشریف کو خراج تحسین
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2024ء) صوبائی کابینہ نے 2023-24کے مجموعی بجٹ مالیتی 4480.7ارب روپے کی منظوری دے دی۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت آج وزیراعلیٰ آفس میں پنجاب کابینہ کا دوسرا اجلاس منعقدہوا، صوبائی کابینہ نے سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی قرارداد منظور کی،قرار داد میں وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو تاریخ کا بہترین رمضان پیکیج کی کامیابی پرخراج تحسین پیش کیاگیا۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پرائس کنٹرول میں بہتری کی وجہ سے اشیاء کے بے مثال حد تک نرخ نیچے آرہے ہیں۔چیف سیکرٹری اور ان کی ٹیم، ضلعی انتظامیہ ر مضان میں بہتر اقدامات پر شاباش کی مستحق ہے۔ پوری ٹیم نے رمضان پیکیج اور پرائس کنٹرول کے لیے توقع سے بڑھ کر کام کیا۔

(جاری ہے)

اگلے سال مستند ڈیٹا کے ساتھ بہتر رمضان پیکیج لائیں گے۔ صوبے بھر میں 35لاکھ سے زائد گھرانوں کورمضان پیکیج کی ترسیل مکمل ہوچکی ہے۔

ایک ہفتے تک رمضان پیکیج کی ترسیل کا عمل مکمل کر لیا جائے گا۔ پیاز اور دیگر اشیاء کی قیمتیں تیزی سے نیچے آرہی ہیں۔سینئر صوبائی وزیر مریم ا ورنگزیب نے قرارداد میں کہاکہ تاریخ کے بہترین اور شفاف ترین رمضان پیکج پر وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔مریم اورنگزیب نے کہاکہ رمضان نگہبان پیکج میں مانیٹرنگ اور شفافیت بے مثال ہے۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق رمضان نگہبان پیکیج تاریخی اقدام ہے۔ رمضان پیکیج کی کامیابی کا کریڈٹ پوری ٹیم کو جاتا ہے۔ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں بجٹ کا تخمینہ پیش کیاگیاجس کے مطابق مالی سال2023-24 کے لئے ترقیاتی بجٹ 655ارب روپے مختص کئے گئے۔سماجی تحفظ اقدامات کا تخمینہ بجٹ20ارب روپے بھی منظورکرلیاگیا۔بجٹ میں صحت کے لئے 473.6،تعلیم کے لئے 596ارب، تعمیرات 382ارب اور لوکل گورنمنٹ127.7 ارب روپے مختص کئے گئے۔

رمضان پیکیج کے لئے 30ارب روپے کا بجٹ منظورکرلیاگیا جبکہ مفت کتابوں کی فراہمی کے لئے 11ارب روپے ،سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کے لئی12.5ارب روپے ،پی کے ایل آئی انڈومنٹ فنڈ کے لئے 10ارب روپے،حفظان صحت کے توسیع پروگرام کے لئے 11.4ارب روپے،گندم کے قرضہ کی ادائیگی کے لئے 264ارب روپے، زراعت پرسبسڈی کیلئے 25.6ارب روپے اور وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے خصوصی اقدامات کے لئے بھی بجٹ منظور کر لیا گیا۔

صوبائی کابینہ نے ضمنی بجٹ 2023-24 کی منظوری بھی دی۔صوبائی کابینہ نے پنجاب سیلز ٹیکس سروس ایکٹ میں ترامیم کی منظوری بھی دی۔کابینہ نے جولائی تا اکتوبر، نومبر تا فروری اور مارچ 2024 کے بجٹ کی توثیق کی۔صوبائی کابینہ نے آئی ایم ایف کوپنجاب کے مالیاتی امور کے بارے میں تسلی بخش بریفنگ دینے سیکرٹری فنانس مجاہد شیر دل کی کاوشوں کو سراہا۔اجلاس میں صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری، آئی جی اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔قبل ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سال 2023-2024 کی بجٹ دستاویزات پر دستخط کر دئیے۔چیف سیکرٹری اور سیکرٹری فنانس نے وزیر اعلی مریم نواز شریف کو بجٹ دستاویز پیش کیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں