برائلر گوشت کی مہنگی سپلائی ،پنجاب پولٹری ٹریڈرز ایسوسی ایشن نے مکمل شٹر ڈاوٴن ہڑتال کی کال دیدی

جن دکانداروں نے سپلائی لے لی ہے وہ آج شام 5 بجے کے بعد سے بالکل سپلائی نہ اٹھائیں، ہم نقصان برداشت نہیں کر سکتے، طارق جاوید صدر پنجاب پولٹری ٹریڈرزایسوسی ایشن

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 16 اپریل 2024 11:42

برائلر گوشت کی مہنگی سپلائی ،پنجاب پولٹری ٹریڈرز ایسوسی ایشن نے مکمل شٹر ڈاوٴن ہڑتال کی کال دیدی
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔16 اپریل2024 ء) برائلرگوشت کی سپلائی کا معاملہ تاحال حل نہ ہوسکا،برائلر گوشت کی مہنگی سپلائی کے باعث پنجاب پولٹری ٹریڈرز ایسوسی ایشن نے مکمل شٹر ڈاوٴن ہڑتال کی کال دیدی، آج شام 5 بجے سے مکمل شٹرڈاوٴن کااعلان کر دیا۔صدر پنجاب پولٹری ٹریڈرزایسوسی ایشن طارق جاوید کا کہنا ہے کہ جن دکانداروں نے سپلائی لے لی ہے وہ آج شام 5 بجے کے بعد سے بالکل سپلائی نہ اٹھائیں۔

ہم نقصان برداشت نہیں کر سکتے۔ حکومت سپلائی بہتر بنائے یا ریٹ لسٹ کو سپلائی کے مطابق کرے۔سرکاری ریٹ لسٹ میں اضافے کے باوجود زندہ برائلر کی سپلائی مقرر کردہ نرخوں سے زیادہ ہونے پر دکانداروں نے سپلائی نہ لی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے برائلرکی قیمت کومستردکرتے ہوئے کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ دانستہ طورپرمارکیٹ ریٹ سے100روپے کم پرمرغی فروخت کرارہی ہے،رمضان میں 25روپے کم پرمرغی بیچی،اب 100 روپے کم پرنہیں بیچ سکتے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے دکانداروں کا موقف ہے کہ سپلائی ریٹس سرکاری نرخ ناموں کے مطابق ہونگے تو سپلائی لیں گے، مہنگی سپلائی اٹھا کر سستا گوشت فروخت نہیں کر سکتے۔نرخوں کے تنازع کے باعث لاہور شہر کے بیشتر علاقوں میں برائلر شاپس بند ہیں۔آج بھی ایک بار پھر برائلر دکانداروں کی جانب سے سپلائی نہیں لی گئی۔واضح رہے کہ سرکاری ریٹ لسٹ میں زندہ برائلر کی سپلائی 463 روپے کلو مقرر کی گئی ہے جبکہ مارکیٹ میں زندہ برائلر 32 روپے اضافے کیساتھ 495 روپے کلو میں سپلائی کی جا رہی ہے۔

گزشتہ روز بھی سرکاری ریٹ لسٹ میں قیمت کم مقرر کئے جانے پربیشتر دکانداروں نے سپلائی نہیں لی تھی جس سے شہر کی بیشتر برائلر دکانیں بند رہیں۔نرخوں کے تنازع کے باعث شہر کے متعدد علاقوں جن میں گڑھی شاہو، داروغہ والا، سلامت پورہ، کیریج شاپس مغلپورہ، شالیمار باغ، شادباغ اور اسلام پورہ سمیت شہر کے متعدد علاقوں کی برائلر شاپس بند رہیں تھیں۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں