وزیراعلیٰ مریم نوازسے ڈنمارک کے سفیر جیکب لینلف کی ملاقات،ٹائپ ون ذیابیطس مریضوں کو مفت انسولین مہیا کرنے پر تبادلہ خیال

پیر 29 اپریل 2024 23:43

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اپریل2024ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ڈنمارک کے سفیر جیکب لینلف(Jakob Linulf) نے ملاقات کی۔ملاقات میں پنجاب میں مریضو ں کو انسولین اورگلوکو میٹرسٹرپس تک آسان رسائی مہیا کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ ٹائپ ون ذیا بیطس کے مریضوں کو مفت انسولین مہیا کرنے کے بارے میں تبادلہ خیال بھی ہوا۔ڈنمارک کے سفیر جیکب لینلف نے مریم نواز شریف کو پہلی خاتون وزیر علیٰ پنجاب منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔

انرجی، صحت، ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے،کاربن کریڈٹس اور دیگر امور میں تعاون کے فروغ کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔باہمی تعلقات کی 75ویں سالگرہ ملکر منانے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا۔ڈینش سفیرنے وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کو ڈنمارک کے دورے کی دعوت دی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے شکریہ ادا کیا او رڈنمارک کے دورے کی دعوت قبول کرلی۔پنجاب میں سولر اور ونڈ پاورسے بجلی پیدا کرنے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا اورپنجاب میں لانگ ٹرم انرجی کی پالیسی کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ڈینش انرجی پلاننگ میں دلچسپی کا اظہار کیا۔وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہا کہ پنجاب سب سے بڑا صوبہ ہے انرجی کے لئے مقامی وسائل پر انحصار ضروری ہے۔ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور کاربن کریڈٹس کے لئے سڑکو ں کے کنارے درخت لگا رہے ہیں۔پنجاب میں پلاسٹک کے استعمال پر پابندی لگا دی گئی ہے۔وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہا کہ لاہور میں پاکستان کے پہلے آئی ٹی سٹی کے پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز ہوچکاہے۔

مسائل کے حل کے لئے ٹرانسپوٹ کو جدت کی راہ پر گامزن کررہے ہیں۔پاکستان سے خوبصورت کوئی ملک نہیں، ہر علاقہ اپنی دلکشی اور انفرادیت رکھتا ہے۔مریم نواز شریف نے کہا کہ ماضی میں قائد محمد نوازشریف کے خاطرخواہ اقدامات کی وجہ سے دہشت گردی میں کمی آئی۔دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری ہے،مذہبی انتہاء پسندی کا سدباب کریں گے۔ ڈینش سفیر جیکب لینلف نے کہا کہ پاکستان میں ناقابل یقین کاروباری مواقع اور صنعتی ترقی کا پوٹینشل موجود ہے۔

پنجاب کو ایسی ہی متحرک اور سرگرم خاتون وزیراعلیٰ کی ضرورت تھی۔پاکستان کا مستقبل روشن اور تابناک ہے، پاکستانی مثبت سوچ کے مالک ہیں۔ ڈنمارک نے کول اورآئل کو گرین انرجی میں بدلنے پر توجہ دی۔ ڈینش سفیر نے مزید کہاکہ پاکستان میں پوسٹنگ انجوائے کررہاہوں، لوگ ہمیشہ محبت سے پیش آتے ہیں۔پاکستان کے ہر علاقے کی فطری خوبصورتی دلکشی کی حامل ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ذیابیطس تمام بیماریوں کی ماں ہے اور بد قسمتی سے پاکستان دنیا کا تیسرا بڑا ملک ہے جہاں ذیابیطس کے مریضوں کی تعداد زیادہ ہے اور تیزی سے بڑھ رہی ہی- پنجاب حکومت اپنے مختلف منصوبوں کے ذریعے ذیابیطس کی روک تھام اور اس پر قابو پانے اور اسکے بارے میں آگہی پہنچانے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہی- سینئرصوبائی وزیر مریم اورنگزیب، ڈینش حکام او ردیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں