حکومتی کمیٹیوں میں شامل نہ کیے جانے پر اہم ن لیگی رہنماء ناراض ہوگئے

پنجاب حکومت نے کمیٹیوں میں شامل نہ کرکے افسران کو پیغام دیا ہے کہ ان کے کام نہیں کرنے۔ ناراض رہنماؤں کا مؤقف

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 18 اپریل 2024 15:23

حکومتی کمیٹیوں میں شامل نہ کیے جانے پر اہم ن لیگی رہنماء ناراض ہوگئے
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 اپریل 2024ء ) پاکستان مسلم لیگ ن کے اہم رہنماؤں نے پنجاب حکومت کی انتظامی کمیٹیوں میں شامل نہ کیے جانے پر ناراضگی کا اظہار کردیا۔ اے آر وائی نیوز سے منسلک صحافی نعیم اشرف بٹ نے رپورٹ کیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے انتظامی امور کے لیے تشکیل دی جانے والی ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹیوں میں سے لاہور کی کمیٹی میں سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق، فیصل آباد میں رانا ثناء اللہ اور شیخوپورہ میں میاں جاوید لطیف کو شامل نہیں کیا گیا، اسی طرح ن لیگ کی صوبائی حکومت نے گوجرانوالہ کی ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی میں پارٹی کے ایک اور سینئر رہنماء خرم دستگیر کو بھی شامل نہیں کیا۔

بتایا گیا ہے کہ ان میں کمیٹیوں میں الیکشن ہارنے والے ن لیگ کے بڑے ناموں کو شامل نہیں کیا گیا تاہم اس کے برعکس گجرات سمیت کچھ اضلاع میں انتخابات ہارنے والے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کو کمیٹیوں میں شامل کیا گیا ہے، کمیٹیوں میں ڈی سی، ڈی پی او سمیت اہم محکموں کے افسران بھی شامل ہیں، یہ کمیٹیاں متعلقہ اضلاع کے ترقیاتی اور انتظامی معاملات کو دیکھیں گی۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کمیٹیوں میں شامل نہ کیے جانے والے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے حکومت اور پارٹی سے ناراضگی کا اظہار کیا ہے، ان میں سے ایک ن لیگی رہنماء کے حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ ان کا کہنا ہے صوبائی حکومت نے کمیٹیوں میں شامل نہ کرکے صوبے کے افسران کو پیغام دیا ہے کہ ان رہنماؤں کے کام نہیں کرنے۔ بتایا جارہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مختلف اضلاع میں مسائل کے فوری حل کے لیے ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹیاں تشکیل دی ہیں، ان کمیٹیوں میں ڈی آئی جی آپریشنز، صوبائی اور وفاقی محکموں کے نمائندوں،سی ای او ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی اور سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کو شامل کیاگیا ہے، کوآرڈی نیشن کمیٹیاں عوامی فلاحی منصوبوں کی مانیٹرنگ کریں گی ، سروس ڈلیوری کےلیے عوامی شکایت کا فوری ازالہ کرنے کی پابند ہوں گی، امن و امان، انتظامی امور کی انجام دیہی میں کردارادا کریں گی، کوآرڈی نیشن کمیٹیاں ترقیاتی منصوبے جلد مکمل کرائیں گی ، ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکج کا تعین کریں گی اور شہروں کی ترقی سے متعلق اہداف کا تعین کریں گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں