حلقہ این اے 131 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے لیے عمران خان، الیکشن کمیشن اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری

بدھ 1 اگست 2018 21:32

لاہور۔یکم اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے حلقہ این اے 131 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے لیے دائر درخواست پر پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان، الیکشن کمیشن اور دیگر فریقین کو (آج) کے لیے نوٹس جاری کر دئیے ۔ جسٹس مامون الرشید نے حلقہ این اے 131 سے شکست کھانے والے مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق کی درخواست پر سماعت کی۔

درخواستگزار کی جانب سے ایڈووکیٹ اعظم نذیر تارڑنے موقف اختیار کیا کہ حلقہ این اے 131 میں پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے 680 ووٹوں کی برتری حاصل کی تاہم عمران خان کی کامیابی کے بعد ریٹرننگ افسر کو دوبارہ گنتی کی درخواست دی مگر ریٹرننگ افسر نے مسترد ووٹوں کی جانچ پڑتال کے بعد ووٹوں کی برتری 680 سے کم کر کے 605 کر دی اور عمران خان کو حلقے سے دوبارہ فاتح قرار دیا۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ریٹرننگ افسر نے درخواستگزار خواجہ سعد رفیق کی دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد کر دی اور حلقہ این اے 131 سے عمران خان کی فتح کو حتمی فیصلہ قرار دے دیا۔ درخواست گزار کے وکیل نے قانونی نقطہ اٹھایا کہ ریٹرننگ افسر نے حلقے میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا مطالبہ رد کر کے درخواستگزار کے بنیادی حقوق سلب کیے جبکہ کم مارجن سے عمران خان کی فتح پر دوبارہ ووٹوں کی گنتی کا مطالبہ جائز اور قانون کے مطابق ہے۔ درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی کہ عدالت ریٹرننگ افسر کا درخواست مسترد کرنے سے متعلق فیصلہ کالعدم قرار دے اور حلقہ این اے 131 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم دے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں