جماعت اسلامی کے زیراہتمام 27 اکتوبر کو اسلام آباد میں بھارت کے جموں کشمیر پر ناجائز قبضہ کے خلاف مارچ کیا جائے گا‘لیاقت بلوچ

حکومت دھاندلی کی تحقیقات میں سنجیدہ نہیں ، اگر حکومت کو کوئی خوف نہیں تھا تو کمیٹی کا سربراہ وفاقی وزیر کی بجائے اپوزیشن یا غیر جانبدار فرد کو بنایا جاتا‘سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی

جمعہ 12 اکتوبر 2018 21:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2018ء) جماعت اسلامی پاکستا ن کے سیکرٹری جنرل اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ 2018 ء کے انتخابات کے لیے پارلیمانی خصوصی کمیٹی بن گئی ہے لیکن حکومت دھاندلی کی تحقیقات میں سنجیدہ نہیں ، اگر حکومت کو کوئی خوف نہیں تھا تو کمیٹی کا سربراہ وفاقی وزیر کی بجائے اپوزیشن یا غیر جانبدار فرد کو بنایا جاتا ۔

جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس قائمہ برائے سیاسی امور سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکومت معاشی محاذ پر غلط راستہ اختیار کر رہی ہے ۔ آئی ایم ایف سے ریلیف لے کر پہلے بھی حکومتیں رسوا ہوئیں اور عوام کو بھی رسوا کیا گیا، اب بھی نتیجہ یہی ہوگا ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان میں غیر منصفانہ تقسیم زر ، کرپشن ، پسند و ناپسند کی بنیاد پر انسانوں میں تفریق پیدا کی گئی ہے، خود انحصاری کی طاقت سے اس پر ضرب کاری لگانے کی ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

لیاقت بلوچ نے کہا کہ 27 اکتوبر کو اسلام آباد میں بھارت کے جموں و کشمیر پر ناجائز قبضہ کے خلاف جماعت اسلامی کے زیراہتمام کشمیر مارچ کیا جائے گا ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان اور بھارت کے مابین جتنی جنگیں ہوئی ہیں ان کی بنیادی وجہ مسئلہ کشمیر ہے۔ انہوںنے کہاکہ بھارت کی کہہ مکرنیاں بھی دنیا کے سامنے ہیں اور کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم بھی ۔ انہوںنے کہاکہ بھارت پر بڑا ملک ہونے کا خبط سوار ہے اور پورے خطے پر چودھراہٹ کا خناس نیا نہیں ۔ انہوںنے کہاکہ بھارت کا تکبر ، غرور اور ظلم اس کا انگ انگ ٹوٹنے کا باعث بنے گا ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں