پنجاب کے بجٹ میں غریب عوام کو یلیف دینے کے لیے کچھ نہیں کیاگیا‘امیر العظیم

عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف دینے کیلئے دکھاوے کی بجائے عملی اقدامات کیے جائیں ‘امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب

بدھ 17 اکتوبر 2018 18:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2018ء) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہاہے کہ پنجاب کے پیش ہونے والے صوبائی بجٹ میں غریب عوام کو ریلیف دینے کے لیے کچھ نہیں کیاگیا۔بجٹ میں امراطبقے کو ریلیف فراہم کیاگیا ہے جبکہ غریب آدمی پر ٹیکسوں کابوجھ بڑھادیاگیا ہے جس سے عوام کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ ہوجائے گا۔

تحریک انصاف نے برسراقتدار آنے سے قبل تبدیلی کانعرہ لگایا تھا اور پاکستانی عوام سے وعدے کیے تھے کہ ملک سے مہنگائی ختم ہوگی،وفاقی اور صوبوں کے بجٹ کو عوام دوست بنایاجائے گا لیکن بدقسمتی یہ ہے کہ ایسا نہیں ہوسکا۔انہوں نے کہاکہ بجٹ میں پہلے سے جاری منصوبوں کے فنڈز میں کٹوتی سے بڑے ترقیاتی منصوبوں پربرااثر پڑے گا اوراس کے دورس نتائج نکلیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بجٹ میں پنجاب حکومت نے وزیر اعلیٰ آفس،گورنرہائوس،سیکرٹریٹ،وزراء اوروی وی آئی پیزفلائٹس کے اخراجات میں60فیصد تک اضافہ حکومتی کفایت شعاری اور سادگی کے دعوئوںکاپول کھولنے کے لیے کافی ہے۔ سابقہ بجٹ میں19کروڑ 82لاکھ اس حوالے سے مختص کیے گئے تھے جبکہ موجودہ حکومت نے اپنے ہی دعوئوں کی نفی کرتے ہوئے ان کو60کروڑ13لاکھ تک بڑھادیاہے۔

ایک طرف وزیر اعلیٰ،وزراء اور خود وزیر اعظم سادگی اختیار کرنے کی باتیں کررہے ہیں جبکہ دوسری جانب ایسے اقدامات سے عوام میں شدیدتشویش پائی جاتی ہے۔انہوں نے کہاکہ وزراء کے اخراجات میں 25فیصد تک اضافہ کونسی کارکردگی کودیکھتے ہوئے کیاگیا ۔بہترہوتاکہ صوبائی حکومت اخراجات کومزید کم کرتی،تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ کرتی۔اب مزید غلطیوں کی گنجائش نہیں ہے۔

تحریک انصاف کی وفاق ،پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں قائم حکومتوں کوحقیقی معنوں میں ڈلیور کرنا ہوگا۔کیونکہ پاکستانی عوام باشعور ہوچکے ہیں اور وہ حکومتی کارکردگی پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ حکمرانوں نے انتخابات سے قبل جتنے بھی دعوے ملک وقوم کے ساتھ کیے تھے وہ ایک ایک کرکے ریت کی دیوار ثابت ہورہے ہیں۔امیر العظیم نے مزید کہاکہ عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کرنا ہے تو دکھاواچھوڑ کرعملاًاقدامات کرنے ہوں گے۔ عوام کی فلاح وبہبودکویقینی بنایاجائے۔وزیر اعظم عمران خان قوم سے کیے گئے وعدوں کو پوراکریں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں