تاپی گیس پائپ لائن منصوبہ صنعتی ترقی کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہوگا، شفیق اے نقی

پیر 10 دسمبر 2018 18:08

لاہور۔10 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2018ء) چیئرمین لاہور ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن ڈاکٹر شفیق اے نقی نے 2019کی پہلی سہہ ماہی میں ترکمانستان، افغانستان، پاکستان اور انڈیا (تاپی ) پر مشتمل56انچ قطر کی ایک ہزار 8سو14کلومیٹر طویل گیس پائپ لائن منصوبہ کی تعمیر کے آغاز کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تا پی گیس پائپ لائن منصوبہ ملک کی صنعتی ترقی کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے سینئر وائس چیئرمینمیاں شہریار علی، حافظ ایم عمران حمید وائس چیئرمین کے ساتھ ٹائون شپ انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ منصوبہ سے حاصل ہونے والی گیس ایل پی جی سے سستی ہوگی، اس منصوبہ کی پائپ لائن پاکستان میں 2سال کی مدت میں تعمیر ہوگی، منصوبہ کی تکمیل سے صنعتی شعبہ کی گیس کی ضروریات پوری ہونے کے ساتھ ساتھ 10ہزار ملازمتوں کے مواقع بھی دستیاب ہونگے۔

(جاری ہے)

شفیق اے نقی نے کہا کہ ملک کو گیس کی پیداوار میں کمی کا سامنا ہے، پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ بھی التواء کا شکار ہے جبکہ سی پیک کے تناظر میں نئے انڈسٹریل زونز کے قیام اور ملک بھر میں نئی انڈسٹریز کے باعث صنعتی شعبہ میں گیس کی ضروریات بڑھتی جارہی ہیں۔ تاپی گیس پائپ لائن منصوبہ کی تکمیل سے صنعتی شعبہ کو اس کی ضروریات کے مطابق وافر گیس مہیا ہوسکے گی اور اس گیس کو پاور پلانٹس میں استعمال سے سستی بجلی کا حصول بھی ممکن ہوگا، وافر گیس کی فراہمی سے صنعتی شعبہ ترقی کریگا اور ملکی معیشت مستحکم ہوگی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں