سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام ملک گیر’’ یوم مذمت بھارت‘‘ منایا گیا

جمعہ 22 فروری 2019 19:31

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 فروری2019ء) سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام بھارتی دھمکیوں کے خلاف ملک گیر’’یوم مذمت بھارت‘‘ منایا گیا۔ اس سلسلہ میں ملک بھر میں جمعہ کے اجتماعات میں بھارت کی امن دشمنی کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں اور بھارت کے جنگی جنون کو خطبات جمعہ کا موضوع بنایا گیا جبکہ نماز جمعہ کے بعد’’ بھارت مردہ باد مظاہرے‘‘ کئے گئے۔

اس موقع پر سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے جامعہ انوار مدینہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی امن دشمنی سے خطے کے امن کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ اقوام متحدہ پاکستان کا پانی بند کرنے کی بھارتی دھمکیوں کا نوٹس لے۔ کلبھوشن کا معاملہ بھارت کے گلے کی ہڈی بن چکا ہے۔

(جاری ہے)

مودی الیکشن جیتنے کے لئے پاکستان دشمنی کو ہوا دے رہا ہے۔

وفاقی کابینہ کا پاک فوج کو بھارتی حملے کا منہ توڑ جواب دینے کا اختیار خوش آئند ہے۔ پاکستان کے غوری، ابدالی اور غزنی میزائل بھارت کا غرور خاک میں ملانے کے لئے کافی ہیں۔ خطرات میں گھرے پاکستان کو اس وقت انتشار نہیں اتحاد کی ضرورت ہے۔ سیاستدان قوم کو تقسیم نہیں متحد کریں۔ بھارت کی امن دشمنی کھل کر سامنے آ چکی ہے۔ بھارت کو پاکستان کے خلاف مہم جوئی مہنگی پڑے گی۔

یوم مذمت بھارت کے موقع پر گوجرانوالہ میں مولانا محمد اکبر نقشبندی، واہ کینٹ میں سید جواد الحسن کاظمی، لاہور میں مفتی محمد حبیب قادری، فیصل آباد میں ملک بخش الہی، کراچی میں علامہ تنویر الاسلام، کوئیٹہ میں پیر خالد سلطان قادری، پشاور میں مفتی فضل جمیل رضوی، گجرات میں صاحبزادہ مطلوب رضا، ملتان میں مولانا فیض بخش رضوی، چھانگا مانگا میں علامہ ارشد مصطفائی، مظفرآباد میں مفتی مفتی عامر رضا نے احتجاجی اجتماعات سے خطاب کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں