وزیر خوراک پنجاب کاڈپٹی کمشنر بہاولپور شوذب سعید کے ہمراہ بہاول وکٹوریہ ہسپتال کا دورہ

عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلہ میں ہیلتھ کارڈ کااجراء ایک سنگ میل ثابت ہو گا‘سمیع اللہ چوہدری بہاول وکٹوریہ ہسپتال ایک تاریخی اہمیت کا حامل ہسپتال ہے جو نہ صرف بہاول پور ڈویژن بلکہ جنوبی پنجاب کے مریضوں کو علاج معالجہ فراہم کرنے میں کردار ادا کر رہا ہے‘صوبائی وزیر

پیر 25 مارچ 2019 23:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2019ء) صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور شوذب سعید کے ہمراہ بہاول وکٹوریہ ہسپتال کا دورہ کیا۔ اس موقع پر پرنسپل قائد اعظم میڈیکل کالج وایڈمنسٹریٹر ہسپتال ڈاکٹرجاوید اقبال، ایم ایس ڈاکٹر عزیز الرحمن، انچارج شعبہ ایمرجنسی عامر بخاری، ڈاکٹر قاضی مسرور علی، چیئرپرسن پی ایچ اے شہلا احسان، ممبر کنٹونمنٹ بورڈ ریحان بن جاوید، چیئرمین بی ڈی اے ملک عامرپی ٹی آئی رہنما طاہر محمود جانباز، ظفر شریف اور شفیق رحمانی بھی موجود تھے۔

صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری کو ہسپتال و میڈیکل کالج میں جاری کلین اینڈ گرین پنجاب مہم کے تحت اٹھائے گئے اقدامات، جاری ترقیاتی پروگرام، ادویات کی ترسیل، وفراہمی، صفائی ستھرائی ومیڈیکل سٹاف سے متعلق امور پر بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

بریفنگ میں بتایا گیا کہ بہاول وکٹوریہ ہسپتال کے شعبہ ایمرجنسی میں روزانہ اوسطاً چار ہزار مریضوں کو علاج معالجہ فراہم کیا جا رہا ہے۔

شعبہ ایمرجنسی کو وسعت دینے کے منصوبہ اور شعبہ ایمرجنسی کے لئے نئے ڈاکٹرز وسٹاف کی تقرری وتعیناتی کے لئے محکمہ جاتی کاروائی بھی جاری ہے۔ صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری نے کہا کہ عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلہ میں ہیلتھ کارڈ کااجراء ایک سنگ میل ثابت ہو گا۔انہوں نے کہا کہ بہاول وکٹوریہ ہسپتال ایک تاریخی اہمیت کا حامل ہسپتال ہے جو نہ صرف بہاول پور ڈویژن بلکہ جنوبی پنجاب کے مریضوں کو علاج معالجہ فراہم کرنے میں کردار ادا کر رہا ہے۔

صوبائی وزیرسمیع اللہ چوہدری نے ہدایت کی کہ مریضوں کو مفت ادویہ کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آنے دی جائے اور سٹاک ختم ہونے سے قبل محکمانہ کاروائی مکمل کر کے ضروری ادویات فراہم کی جائیں تاکہ ادویہ کی ترسیل کا عمل متاثر نہ ہو۔ بعد ازاں صوبائی وزیر خوراک نے ڈپٹی کمشنر بہاول پور شوذب سعید کے ہمراہ سول ہسپتال بہاول پور کا دورہ کیا اور مختلف وارڈز میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کے دوران ان سے علاج معالجہ کی سہولیات بارے استفسار کیا۔

ایم ایس سول ہسپتال ڈاکٹر یوسف رانا نے صوبائی وزیر کو ہسپتال میں فراہم کی جانے والی صحت کی سہولیات اور کارکردگی رپورٹ بارے بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری نے ضروری ادویہ کے سٹاک میں کمی نہ آنے کی ہدایت کی اور ہسپتال کے سٹاف کی کمی پورا کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔بعد ازاں صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری نے کلین اینڈ گرین مہم کے تحت ہسپتال کے سبزہ زار میں پودا لگایا اور کلین اینڈ گرین مہم کی کامیابی اور ملکی ترقی وخوشحالی کے لئے دعا بھی کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں