حکومت عوام کی فلاح و بہبود کیلئے دن رات کوشاں ہے‘ اپوزیشن پارٹیوں کا گٹھ جوڑذاتی مفادات پر مبنی ہے‘ سمیع اللہ چوہدری

پیر 24 جون 2019 21:51

لاہور۔24 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2019ء) صوبائی وزیرخوراک سمیع اللہ چوہدری نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت وزیرا عظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی قیادت میں عوام کی فلاح و بہبود کے لیے دن رات کام کر رہی ہے ‘ اپوزیشن پارٹیوں کا گٹھ جوڑ ایک منصوعی اتحاد ہے جس کا مقصد عوام کو گمراہ کرکے حکومت کو اس کے اہداف سے ہٹانا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ اِن پارٹیوں کا ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونا ملک و قوم کے مفاد کی بجائے ذاتی مفاد پر مبنی ہے۔ سمیع اللہ چوہدری نے کہا کہ مسلم لیگ( ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی حقیقتاً اپنی پارٹیوں کے نام نہاد لیڈروں کو احتساب اور قانون کے شکنجے سے چھڑوانا چاہتی ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ اپوزیشن مہنگائی کی دہائی دے کر عوام کو مزید ورغلا نہیں سکتی کیونکہ پاکستان کے عوام اب با شعورہیں اور وہ سچ اور جھوٹ کا فرق جانتے ہیں۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر خوراک نے مزید کہا کہ آج ملک میں جو مہنگائی اور عدم استحکام پایا جاتا ہے وہ اِن پارٹیوں کی لوٹ مار اور بے تحاشہ قرضوں کے باعث ہے جس سے پاکستان اربوں ڈالر کا مقروض ہو چکا ہے ۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت عوام کو اِن قرضوں اور نام نہاد لیڈروں سے نجات دلانا چاہتی ہے تاکہ ملک ترقی کر سکے اور عوام کی زندگی میں بہتری آ سکے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں