سنی اتحاد کونسل کے زیر اہتمام’’ یکجہتی کشمیر سیمینار‘‘ کا انعقاد

ہفتہ 24 اگست 2019 00:03

لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2019ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کو دوسرا فلسطین بننے سے بچائے،بھارت شوق شہادت اور جذبہ جہاد سے سرشار پاکستانی قوم کا مقابلہ نہیں کر سکتا، بھارت نے مہم جوئی کی تو پوری قوم سروں پر کفن باندھ کر پاک فوج کے شانہ بشانہ دفاع وطن کی جنگ لڑے گی۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے المرکز الاسلامی شادباغ لاہور میں’’ یکجہتی کشمیر سیمینار‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے کہا کہ جنگ کی صورت میں بھارت کو کبھی نہ بھولنے والا سبق سکھائیں گے۔ بھارت سے سقوط مشرقی پاکستان کا بدلہ لینے کا وقت آ گیا۔ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں امن فوج بھیجے۔ بھارت نے پوری وادی کشمیر کو جیل میں تبدیل کر دیا ہے، کشمیر کے مسئلے پر سیاسی اختلافات بھلا کر متحد ہونے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

مودی بھارت کا گورباچوف ثابت ہو گا۔ کشمیر بزور شمشیر کا مرحلہ آن پہنچا۔ بھارت پاکستان کو کشمیریوں کی اخلاقی و سیاسی مدد سے آگے بڑھنے پر مجبور کر رہا ہے۔صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ بھارت فلسطینیوں کی طرح کشمیریوں کی نسل کشی چاہتا ہے۔ عالمی برادری مظلوم کشمیریوں کی پکار سنے۔ آرٹیکل 370 کا خاتمہ بھارت کی سیاسی موت ثابت ہو گا۔ مقبوضہ کشمیر بھارتی فوج کا قبرستان بن کر رہے گا۔ بھارت اسرائیلی فارمولے کے تحت مقبوضہ کشمیر پر اپنا تسلط قائم کر رہا ہے۔ مودی نے جنگ مسلط کی تو بھارت کو راکھ کا ڈھیر بنا دیں گے۔ اقوام متحدہ، او آئی سی اور عالمی برادری مسئلہ کشمیر پر مجرمانہ خاموشی ترک کریں۔ اس وقت آپس میں نہیں متحد ہو کر بھارت سے لڑنے کی ضرورت ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں