قائداعظم ٹرافی سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ کا پہلا روز مکمل

ہفتہ 21 ستمبر 2019 01:15

لاہور۔20 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2019ء) قائداعظم ٹرافی سیکنڈالیون ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ کا آغاز ہوگیا‘ 20 ستمبر سے شروع ہونے والا راؤنڈ 22 ستمبر تک جاری رہے گا۔گزشتہ رو ز سدرن پنجاب اور بلوچستان کے درمیان ڈرنگ اسٹیڈیم بہالپور میں جاری میچ کے پہلے روز میزبان ٹیم 218 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی‘ دن کے اختتام تک بلوچستان نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 18 رنز بنائے‘ اس سے قبل میزبان ٹیم کے کپتان نوید یاسین نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو دونوں اوپنرز 30 کے مجموعی اسکور پر پویلین واپس لوٹ گئے‘ کپتان نوید یاسین نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا وہ33 رنز اسکور کرسکے تاہم سدرن پنجاب کی جانب سے محمد محسن 46 رنز بنا کر نمایاں بیٹسمین رہے‘پوری ٹیم 78.2 اوورز میں 218 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی‘ 219 رنز کے تعاقب میں بلوچستان نے اپنی پہلی اننگز کا آغاز کیا تو دن کے اختتام تک 9 اوورز میں اس کے 2 کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے‘کریز پر موجود شہزاد ترین اور محمد جنید 18 کے مجموعی اسکور سے کھیل کے دوسرے روز کا آغاز کریں گے۔

(جاری ہے)

اسی طرح نیشنل بنک اسٹیڈیم کراچی میں جاری میچ کے پہلے روز خیبرپختونخوا کی پوری ٹیم 230 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی جبکہ سندھ کے 2 کھلاڑی آؤٹ ہوکر پویلین واپس پہنچ چکے ہیں‘دن کے آغاز میں خیبرپختونخوا کے کپتان خشدل شاہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیاتو پوری ٹیم 230 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی‘خیبرپختونخوا کے وکٹ کیپر بیٹسمین سلمان آفریدی سیکنڈالیون ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ کے پہلے روز نصف سنچری اسکور کرنے والے واحد بیٹسمین ہیں‘ انہوں 155 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 6 چوکوں کی مدد سے 53 رنز اسکور کیے‘آصف آفریدی نے 38 اور اسد آفریدی نے 37 رنز بنائے‘سندھ کی جانب سے عاشق علی ، حسن خان اور عدیل ملک نے 3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا‘دن کے اختتام تک سندھ کرکٹ ٹیم نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 11 رنز بنائے‘ جاہد علی اور عاشق علی سندھ کی جانب سے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین ہیں‘ تیسرا میچ میر پور آزاد جموں و کشمیر میں سنٹرل پنجاب اور ناردرن کرکٹ ٹیموں کے درمیان میچ بارش سے متاثر ہوگیا‘ موسم کے باعث تاخیر سے شروع ہونے والے میچ میں دن بھر صرف 34 اوورز کا ہی کھیل ممکن ہوسکا‘ ناردرن کرکٹ ٹیم نے 86 رنز بنالیے اور اس کے 2 کھلاڑی آؤٹ ہوچکے ہیں‘اس سے قبل سنٹرل پنجاب نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا‘ 26 کے مجموعی اسکور پر ناردرن کرکٹ ٹیم کے 2کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے‘تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرنے والے حسن رضا اور فیضان ریاض نے کچھ دیر ٹیم کوسنبھالا دیا تاہم 22 کے انفرادی اسکور پر حسن رضا ریٹائر ہوکر میدان سے باہر چلے گئے‘ دن کے اختتام پر ناردرن کرکٹ ٹیم کی جانب سے فیضان ریاض30 اور شعیب احمد 8رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں