نااہل حکومت کے خاتمے کا نقارہ بج چکا ہے،صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی

منگل 15 اکتوبر 2019 23:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اکتوبر2019ء) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ نااہل حکومت کے خاتمے کا نقارہ بج چکا ہے۔ ملکی سیاست میں آتش فشاں پھٹنے والا ہے جو ناکام، نالائق اور ناجائز حکومت کو بہا لے جائے گا۔ دھرنا پارٹی ہمارے دھرنے کو غلط نہیں کہہ سکتی۔ متکبر وزیراعظم تین مہینوں کا مہمان ہے۔

27 اکتوبر سے حکومت کی الٹی گنتی شروع ہو جائے گی۔ آذادی مارچ حکومت کے خلاف ریفرنڈم ثابت ہو گا۔ اسلام آباد کے آذادی مارچ میں لاکھوں افراد شریک ہوں گے۔ اپوزیشن کو پُرامن احتجاج سے روکنا غیر آئینی ہو گا۔ انسانوں کا سمندر حکومتی رکاوٹوں کو بہا لے جائے گا۔ موجودہ حکومت سول مارشل لا کی بدترین مثال ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جے یو پی پنجاب کے عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا ہے کہ حکومت پر تنقید کرنے والے ہر شخص کو گرفتار کیا جا رہا ہے۔ حکومت کے آمرانہ ہتھکنڈوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ احتساب کے نام پر سیاسی انتقام کا بازار گرم ہے۔ احتساب کو تماشا بنانے والے خطرناک کھیل کھیل رہے ہیں۔ حکومت کشمیر کاز کے لئے یہکجہتی کا ماحول بنانے کی بجائے سیاسی انتشار کو ہوا دے رہی ہے۔

اب حکومت کے ساتھ کھلی جنگ ہو گی۔ موجودہ حکومت کو برداشت کرنا ملک سے غداری ہو گی۔ سڑکوں پر نکلنے کا وقت آ گیا ہے۔ آذادی مارچ متکبر وزیراعظم کی گردن سے سریا نکال دے گا۔ دھرنے کی کامیابی کے لئے منصوبہ بندی تیار کر لی ہے۔ آزادی مارچ کو روکا گیا تو حالات کی خرابی کی ذمہ دار حکومت ہو گی۔ عمران خان کردار کا نہیں گفتار کا غازی ہے۔ گرفتار ممبران اسمبلی کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرنا آمرانہ عمل ہے۔

حکومت آمرانہ روش چھوڑ دے۔ اپوزیشن کو دیوار کے ساتھ لگانے کی حکومتی کوششیں ناکام بنائیں گے۔ گرفتاریوں سے حکومت مخالف تحریک نہیں روکی جا سکتی ہے۔ اسلام اور عوام دشمن حکومت کی رخصتی کے لئے سر دھڑ کی بازی لگائیں گے۔ قوم کی اکثریت اپوزیشن کے ساتھ ہے۔عمران خان زیرو ہو چکا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں