فیکٹ ایگزیبیشنز کے زیر اہتمام 3P پاکستان کی سولہویں بین الاقوامی پلاسٹک، پرنٹنگ، اور پیکجنگ کی نمائش کا انعقاد ایکسپوسینٹر لاہور میں کل 29 مئی کو ہوگا

جمعہ 27 مئی 2022 23:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2022ء) فیکٹ ایگزیبیشنز کے زیر اہتمام ملک کی سب سے بڑی 3P پاکستان کی تین روزہ نمائش 29 سے 31 مئی تک لاہور ایکسپوسینٹرمیں منعقد کی جارہی ہے۔3P پاکستان پلاسٹک، پرنٹنگ، اور پیکجنگ کی نمائش ملک کا واحد اور منفرد پلیٹ فارم ہے جو ان تینوں شعبہ جات سے منسلک صنعت کاروں، مینوفیکچررز، سپلائرز، اورتاجروں کو جدید ترین مصنوعات کی طرف راغب کرتی ہے اور دنیا بھر میں ان شعبوں میں ہونے والی ترقیات کو ملک میں روشناس کرواتی ہے۔

3P پاکستان پلاسٹک، پرنٹنگ، اور پیکجنگ کی تین روزہ نمائش میں آسٹریا، چین، جرمنی، اٹلی، سنگاپور، سوئٹزرلینڈ سمیت 10 ممالک کی 150 سے زائد کمپنیاں حصہ لیں گی۔فیکٹ ایگزیبیشنزکے سی ای او سلیم خان تنولی کا کہنا ہے کہ’’ 3P پاکستان کی نمائش پلاسٹک، پرنٹنگ اور پیکجنگ کے لیے جدید ٹیکنالوجی متعارف کروانے کے ساتھ ساتھ اس صنعت کی ترقی میں اہم کردارادا کرے گی۔

(جاری ہے)

گزشتہ منعقد کردہ 15 نمائشیں اس امرکی گواہ ہیں‘‘۔پلاسٹک کی صنعت نے دنیا بھر میں اپنا ایک خاص مقام بنالیا ہے۔ 6500 پروسیسنگ یونٹس کے ساتھ جنوبی ایشیاء کی پلاسٹک انڈسٹری میں پاکستان دوسرے نمبر پر ہے اور جو پاکستان کے لیے قابل فخر ہے۔ کراچی، لاہور، گوجرانوالہ، پشاور، فیصل آباد، حیدرآباد اور راولپنڈی پلاسٹک کی صنعت کے اہم مراکز ہیں۔ نہ صرف پلاسٹک میں بلکہ پیکجنگ کی صنعت میں بھی پاکستان نے اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرا کیا ہے۔ برآمد میں اضافے اور پیکجنگ کی تیزی سے بڑھتی ہوئی طلب کے نتیجے میں بیرونی سرمایہ کاروں کو اپنی جانب متوجہ کیا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں