پی آئی ٹی بی ریجنل پلان 9 کے راولپنڈی کھاریاں و کامرہ کے نئے انکیوبیشن سینٹرز میں درخواستوں کی وصولی شروع

پیر 15 اپریل 2024 23:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2024ء) انٹرپرینیورشپ کے فروغ کیلئے پنجاب آئی ٹی بورڈ کے منصوبے ریجنل پلان 9 کے تحت راولپنڈی کھاریاں اور کامرہ میں نئے انکیوبیشن سنٹرز میں نئے سیشن کیلئے درخواستوں کی آن لائن وصولی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ایئر یونیورسٹی اور نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کے تعاون سے ان مراکز کے قیام کا مقصد خطے میں سٹارٹ اپس کی معاونت اور انکو وسائل فراہم کرنا ہے۔

نئے قائم کردہ سینٹرز میں سٹارٹ اپس کو کام کرنے کی جگہ، نیٹ ورکنگ کے مواقع، مفت قانونی راہنمائی اور کاروباری معاونت حاصل ہو گی۔اس حوالے سے پی آئی ٹی بی چیئرمین فیصل یوسف نے کہا کہ 286 سٹارٹ اپس کے ساتھ مجموعی طور پر ریجنل پلان 9 کے تحت 11 انکیوبیشن مراکز فعال ہیں جو 2600 سے زائد ملازمتیں فراہم کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

سینٹرز نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کے اندر قائم کیے گئے ہیں تاکہ سٹارٹ اپس کو تکنیکی مہارت تک رسائی اور صنعتوں میں کام کرنے والے پیشہ ور افراد کی رہنمائی حاصل ہو سکے۔

اس کے ساتھ ساتھ سٹارٹ اپس کو پروٹوٹائپنگ اور پروڈکشن کیلئے مینوفیکچرنگ کی سہولیات اور انفراسٹرکچر سے فائدہ اٹھانے کا موقع بھی ملے گا۔مزید برآں، ایئر یونیورسٹی جیسے تعلیمی اداروں اور آس پاس تکنیکی تربیتی مراکز کی موجودگی سٹارٹ اپس کو ہنر مند افراد اور ممکنہ بھرتیوں کے بھرپور ٹیلنٹ پول تک رسائی فراہم کرے گی۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں