نان روٹی کے نرخوں کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانے،79 افراد گرفتار

وزیر اعلی مریم نواز کی ہدایت کے مطابق عوام تک ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جائیگی‘ڈپٹی کمشنر

منگل 16 اپریل 2024 15:00

نان روٹی کے نرخوں کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانے،79 افراد گرفتار
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2024ء) صوبائی دارالحکومت میں نان اور روٹی کی زائد نرخوں میں فروخت پر لاکھوں روپے کے جرمانے اور 79 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔روٹی اور نان کی قیمت میں کمی کے ریلیف کی بنیادی سطح تک منتقلی کے لیے ضلعی انتظامیہ متحرک ہوگئی ، ڈی سی لاہور رافعہ حیدر کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز،اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے مختلف کارروائیوں کے دوران 3ہزار 496مقامات کی چیکنگ کرتے ہوئے 79مقدمات درج کر کے 592روٹی و نان پوائنٹس کو جرمانے کردیئے۔

ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر نے بتایا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے 2ہزار 416مقامات کو چیک کیا، اسسٹنٹ کمشنر سٹی نی248، اے سی شالیمار نے 229اور اے سی رائیونڈ نے 132مقامات چیک کیے، اے سی ماڈل ٹائون نے 461، اے سی کینٹ نے 110 پوائنٹس کو خود چیک کیا۔

(جاری ہے)

ڈی سی لاہور نے بتایا کہ 592روٹی و نان پوائنٹس پر قیمتوں کی خلاف ورزی پر جرمانے کر کے 79افراد کو حراست میں لیا گیا، روٹی اور نان کے نرخوں کی خلاف ورزی پر 10لاکھ 50ہزار 500روپے کے جرمانے عائد کئے گئے، روٹی اور نان کی نئی قیمتوں کے اطلاق کے لئے ضلعی انتظامیہ پوری طرح سے متحرک ہے۔

رافعہ حیدر کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایت کے مطابق عوام تک ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی ،شہری اپنے اردگرد روٹی اور نان قیمتوں کی خلاف ورزی پر فورا ہمیں سوشل میڈیا یا کال پر اطلاع دیں، روٹی او ر نان پوائنٹس کی شکایت وزیر اعلی پنجاب کی ہیلپ لائن 0800003245پر اندراج کروائیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں