غیر معیاری گیس سلنڈر استعمال کرنے والی گاڑیوں،رکشوں کیخلاف کارروائی کا حکم

منگل 16 اپریل 2024 17:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2024ء) لاہور میں غیر معیاری گیس سلنڈر استعمال کرنے والی گاڑیوں،رکشوں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا گیا ۔ چیف ٹریفک آفیسر لاہور عمارہ اطہر نے ڈی ایس پیز کو اپنی نگرانی میں غیر معیاری سلنڈر والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کمرشل گاڑیوں، رکشوں میں گورنمنٹ سے پاس شدہ سلنڈر لگانے کی اجازت ہوگی۔

انہوں نے کمرشل گاڑیوں میں مختص کردہ اور مقررہ سلنڈر سے زائد لگانے پر بھی کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ لاہور، گیس سلنڈر استعمال کرنے والی کمرشل گاڑیوں میں فائرفائٹنگ سلنڈرز کا ہونا بھی لازمی ہے، چھوٹی گاڑی، پیک اپ میں مقررہ تعداد زائد سلنڈر لگانے کی اجازت نہیں، کمرشل گاڑیوں میں مختص کردہ جگہ کے علاوہ کہیں سلنڈر لگانے کی اجازت نہیں۔

(جاری ہے)

سی ٹی او لاہور نے ہدایت کی کہ غیر معیاری سلنڈر لگانے والی گاڑیوں، رکشوں کو کارروائی کیساتھ ساتھ آگاہی دی جائے، روڈ سیفٹی یونٹ بس اڈاوں، ٹیکسی، پارکنگ اسٹینڈز پر خصوصی لیکچرز دیں، شہریوں کے محفوظ سفر کو ہر ممکن یقینی بنایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں گاڑیوں، رکشوں میں غیر معیاری سلنڈروں کیوجہ سے بیشتر قیمتی جانیں لقمہ اجل بنیں، شہری سیفٹی کیلئے غیر معیاری سلنڈر استعمال کرنے والی کمرشل گاڑیوں میں سفر کرنے سے گریز کریں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں