وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف سے ارکان اسمبلی کی ملاقات، عوامی مسائل، ضروریات اور ڈویلپمنٹ پراجیکٹ پر تبادلہ خیال

متعدد عوام دوست پراجیکٹس شروع کرنے پر وزیر اعلیٰ کو خراجِ تحسین،توقعات سے بڑھ کر تیزرفتاری سے کام کررہی ہیں‘ارکان اسمبلی

بدھ 17 اپریل 2024 17:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2024ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مختلف اضلاع کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی جس میں عوامی مسائل، ضروریات اور ڈویلپمنٹ پراجیکٹ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ارکان اسمبلی نے مختصر وقت میں متعدد عوام دوست پراجیکٹس شروع کرنے پر وزیر اعلیٰ کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف توقعات سے بڑھ کر تیزرفتاری سے کام کررہی ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ارکان صوبائی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ارکان اسمبلی اپنے حلقے میں سرکاری نرخ پر روٹی اور نان کی فروخت کی مانیٹرنگ کریں۔ صوبہ بھر کے دیہی اور بنیادی مراکز صحت کو6 ماہ کے اندر ری ویمپ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ 100 فیصد فری ادویات اورہوم ڈلیوری جلد شروع کردی جائے گی۔ صوبے میں 600 سڑکوں کی تعمیر ومرمت ہوگی، 5 ایکسپریس وے اور 3موٹر ویز بنائیں گے۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ طلباء کیلئے 20 ہزار موٹر بائیکس کی فراہمی کا پروگرام شروع کیا۔ ملاقات کرنے والوں میں ارکان صوبائی اسمبلی زاہد اکرم، محمد اجمل خان،محمد کاشف، آغا علی حیدر شامل تھے۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، پرویز رشید، معاون خصوصی ذیشان ملک بھی موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں