ؔچیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو کا پسرور میں اڑھائی سالہ بچی سے مبینہ زیادتی کے بعد قتل کے واقعہ کا نوٹس

مقتولہ بچی کے لواحقین کو ہر ممکن معاونت فراہم کی جائیگی،چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی ٹیم کو مقتولہ بچی کے لواحقین سے رابطہ کی ہدایت

بدھ 17 اپریل 2024 18:10

- لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اپریل2024ء) چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو اور ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب سارہ احمد نے پسرور میں اڑھائی سالہ بچی سے مبینہ ذیادتی کے بعد قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے چائلڈ پروٹیکشن بیورو سیالکوٹ کی ٹیم کو مقتولہ بچی کے لواحقین سے رابطہ کی ہدایت کی ہے ۔ چیئرپرسن سارہ احمد نے کہا کہ پسرور میں اڑھائی سالہ بچی سے مبینہ ذیادتی کے بعد قتل کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔

اڑھائی سالہ بچی عید کے روز لاپتہ ہوئی، کمسن بچی گھر سے دکان پر چیز لینے گئی اور واپس نہ آ سکی۔ پولیس نے بچی کی گمشدگی کی ایف آئی آر درج کرنے کے بعد بچی کی لاش کھیتوں سے برآمد کی۔ پولیس نے مشکوک افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔ مقتولہ بچی کے لواحقین کو ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو اور ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب سارہ احمد نے قادر پور راں میں بھی 14سالہ بچی سے مبینہ زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے چائلڈ پروٹیکشن بیورو ملتان کی ٹیم کو متاثرہ بچی سے فوری رابطہ کی ہدایت کر دی ۔

چیئرپرسن سارہ احمد نے کہا کہ قادر پور راں میں 14سالہ بچی سے ذیادتی کا واقعہ افسوسناک ہے، چائلڈ پروٹیکشن بیورو ملتان کو متاثرہ بچی سے فوری رابطہ کی ہدایت کی ہے۔ پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ بچی سے ذیادتی کے کیس میں پولیس کے فوری ایکشن کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ بچی کو بیورو کی جانب سے نفسیاتی کونسلنگ اور طبی معاونت فراہم کی جائے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں