معاشرے کی ترقی میں محنت کشوں کا مرکزی کردار ہے، وزیر بلدیات

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے کوشاں ہیں، ذیشان رفیق کا پیغام

منگل 30 اپریل 2024 19:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اپریل2024ء) وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ معاشرے کی ترقی میں محنت کشوں کا مرکزی کردار ہے اور یہ حقیقت تسلیم کئے بغیر آگے بڑھنا مشکل ہے۔ یکم مئی کو مزدوروں کا عالمی دن منانے کا مقصد محنت کش طبقے کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا ہے۔ مزدوروں کی شب و روز محنت سے ہی دنیا ترقی و خوشحالی کی منزل کی طرف گامزن ہے۔

عالمی یوم مزدوراں کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبائی حکومت محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے کوشاں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شکاگو کی مزدور تحریک کے بعد محنت کشوں کو بنیادی حقوق ضرور ملے تاہم اب بھی کئی ایسے مسائل ہیں جو توجہ کے طالب ہیں۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ آج کے دن ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا ہوگا کہ محنت کشوں کو مناسب اجرت کی ادائیگی اور ان کے بچوں کو صحت تعلیم سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی ہونے تک اقدامات جاری رکھے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر محکمہ بلدیات کے تحت کام کرنے والے محنت کشوں کو کم سے کم اجرت کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوم مئی کے علاوہ بھی ہم سب کو حکومتی اور نجی سطح پر مزدوروں کی مشکلات کا احساس کرنا چاہیئے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں