ڈی آئی جی آپریشنز سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت ضمنی انتخابات کی سکیورٹی بارے اعلیٰ سطحی اجلاس

ا نتخابی مہم اور پولنگ ڈے پر ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش پربلا تفریق کارروائی کی جائے گی۔ڈی آئی جی آپریشنز سید علی ناصر رضوی

بدھ 17 اپریل 2024 21:30

/لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اپریل2024ء) ڈی آئی جی آپریشنز لاہورسید علی ناصر رضوی نے کہا ہے کہ لاہور پولیس ضمنی انتخابات کے پرُ امن انعقاد کیلئے پوری طرح تیارہے۔ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے۔ ا نتخابی مہم اور پولنگ ڈے پر ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش پربلا تفریق کارروائی کی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں ضمنی انتخابات کی سکیورٹی بارے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ایس ایس پی آپریشنزسید علی رضا، ایس پی سکیورٹی، ایس پی ڈولفن، ایس پی اینٹی رائٹ فورس، ڈویژنل ایس پیز،ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز، انچارج انویسٹی گیشنز و دیگر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں الیکشن کے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

سید علی ناصر رضوی نے اجلاس کے شرکاء کو انتخابی عمل اور پولنگ ڈے کی سیکورٹی سے متعلق بریفنگ دی۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ پولنگ ڈے پر فورس کی بہترین پرفارمنس نظر آنی چاہئے۔افسران ضلعی انتظامیہ اور انتخابی امیدواروں سمیت تمام سٹیک ہولڈرز سے مسلسل رابطے میں رہیں۔ لاء اینڈ آرڈر،سکیورٹی اور لاجسٹک انتظامات قبل از وقت مکمل کر لئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ انتخابی سرگرمیوں کو قواعد و ضوابط کے اندر رہتے ہوئے انجام دیا جائے۔ دیرینہ دشمنی کا ریکارڈ رکھنے والے افراد سے شورٹی بانڈز لئے جائیں۔ ممکنہ انتشار،بدنظمی اور اشتعال کا باعث بننے والے عناصر کی خلاف کارروائیاں کی جائیں۔ سپروائزری افسران پولنگ اسٹیشنز، کیمپ آفسز اور متعلقہ ڈیوٹی پوائنٹس چیک کرنے کے پابند ہیں۔

سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ حساس پولنگ اسٹیشنز پر کیمروں کی تنصیب کو یقینی بنایا گیا ہے۔ پولنگ اسٹیشنزکی سیکورٹی کیلئے خصوصی ناکے بھی قائم کئے جائیں گے۔ انہوںنے کہا کہ الیکشن ڈیوٹی پر مامور افسران و اہلکار انتخابی عمل مکمل ہونے تک اپنے پوائنٹس پر موجود رہیں۔ڈولفن فورس،سپیشل پروٹیکشن یونٹ اور ایلیٹ فورس کی مسلسل پٹرولنگ کو یقینی بنایا جائے۔ سید علی ناصر رضوی نے مزید کہا کہ ڈیوٹی سے متعلق کوتاہی بلکل برداشت نہیں کی جائے گی۔ فرائض میں غفلت کی صورت میں سخت محکمانہ کارروائی ہو گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں