ہائیکورٹ نے پی پی 133 میں دوبارہ گنتی میں رانا ارشد کی کامیابی کیخلاف درخواست میں ترمیم کی اجازت دیدی

جمعرات 18 اپریل 2024 12:54

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2024ء) لاہور ہائیکورٹ نے پی پی 133 ننکانہ صاحب کے انتخاب میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی میں رانا ارشد کی کامیابی کے خلاف درخواست میں ترمیم کی اجازت دے دی۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے درخواست پرسماعت کی۔مخالف امیدوار محمد عاطف کے وکیل نے عدالت سے پٹیشن میں ترمیم کی اجازت طلب کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ رانا ارشد کی کامیابی کے نوٹیفیکیشن کو پٹیشن کاحصہ بنانے کی اجازت دی جائے۔

رانا ارشد کے وکیل نے کہا کہ پٹیشن میں حلقے کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا اقدام چیلنج کیاگیاتھا،درخواست گزار نے کامیابی کے نوٹیفیکیشن کوسرے سے چیلنج ہی نہیں کیا،عدالت نے الیکشن کمیشن سمیت دیگرفریقین کو پہلے ہی نوٹس جاری کررکھے ہیں۔

(جاری ہے)

محمد عاطف کے وکیل نے کہا کہ فارم 45 کے مطابق 3500 زائد ووٹوں سے کامیابی حاصل کی ،الیکشن کمیشن نے قانون کے برعکس دوبارہ گنتی کا حکم دیا ،دوبارہ گنتی میں رانا ارشد کو 2500 سے زائد ووٹوں سے کامیاب قرار دیا گیا ،درخواست گزار کی کامیابی کا نوٹیفکیشن بھی جاری ہوچکا تھا ،الیکشن کمیشن نے رانا ارشد کی کامیابی کا نوٹیفکیشن خلاف قانون جاری کیا ،عدالت رانا ارشد کی کامیابی کا نوٹیفکیشن کالعدم اوردرخواست گزار کی بطور رکن پنجاب اسمبلی نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں