سی سی پی اولاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیر ِصدارت صدر اور سٹی ڈویژنز کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس

ضمنی انتخابات،بیساکھی کی تقریبات اورپاکستان نیوزی لینڈکرکٹ میچزکی سکیورٹی کے امور پر تبادلہ خیال سی سی پی او لاہور کی رابری، سنیچنگ اور پراپرٹی کرائم میں ملوث گینگز کی گرفتاری کیلئے کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت

جمعرات 18 اپریل 2024 12:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2024ء) سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ کی زیر ِصدارت کیپٹل سٹی پولیس ہیڈ کوارٹرز میں صدر اور سٹی ڈویژنز کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ضمنی انتخابات،بیساکھی کی تقریبات اورپاکستان نیوزی لینڈکرکٹ میچزکی سکیورٹی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سی سی پی او نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ اختیارات کا ناجائز استعمال، کرپشن اور شہریوں سے نارواسلوک برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوںنے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے ساتھ گٹھ جوڑ کسی صورت قابلِ قبول نہیں، ملوث افراد کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔بلال صدیق کمیانہ نے ایس ڈی پی اوزکو امن و امان قائم رکھنے کے لیے اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتیں بروئے کار لانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ فرائض میں غفلت اور سرکاری امور کی انجام دہی میں عدم دلچسپی کی کوئی گنجائش نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پولیس افسران و اہلکاران اپنی ذمہ داریاں دلجمی سے ادا کریں۔سی سی پی او نے کہا کہ پولیس سروس نوکری نہیں بلکہ عوامی خدمت پر مبنی ایک لائف سٹائل ہے۔بلال صدیق کمیانہ نے رابری، سنیچنگ اور پراپرٹی کرائم میں ملوث گینگز کی گرفتاری کیلئے کارروائیاں تیز کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے آپریشنز اور انوسٹی گیشن ونگز کوٹیم ورک اور جوائنٹ پلاننگ کے تحت مشترکہ سرچ آپریشنزسے جرائم کے خاتمہ کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔

سی سی پی او نے کہا کہ پولیس یونٹس آپس میں انفارمیشن شیئرنگ اور بہترین کوارڈنیشن قائم رکھیں۔ انہوں نے ایس ایچ اوز کو اے وی ایل ایس کی معاونت سے موٹر سائیکل چوری کی روک تھام کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ افسران قانون کی پاسداری کیلئے بلاتفریق کارروائیاں عمل میں لائیں اور جرائم کے خاتمے میں پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے نیٹ ورک سے بھرپوراستفادہ کیا جائے۔

انہوں نے ہاٹ سپاٹ ایریاز میں ڈولفن اسکواڈ کی موثر پٹرولنگ یقینی بنانے کی بھی ہدایات جاری کیں۔ ڈی آئی جی(آپریشنز)سیدعلی ناصر رضوی، ڈی آئی جی (انوسٹی گیشن)ذیشان اصغر، ایس ایس پی(ایڈمن)عاطف نذیر، ایس ایس پی(آپریشنز)سید علی رضا،ایس ایس پی (انوسٹی گیشن)انوش مسعود چوہدری، صدر اور سٹی ڈویژنز کے ایس پیز، اے ایس پیز،سرکل افسران، ایس ایچ اوز اور انچارجز اجلاس میں شریک تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں