وزیر اعلیٰ مریم نوازکی زیر صدارت اجلاس ،سپیشل افراد کیلئے ہمت کارڈ وبیت المال کیلئے نگہبان کارڈ جاری کرنیکا فیصلہ

جمعرات 18 اپریل 2024 22:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2024ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سپیشل افراد کا مستند ڈیٹا مرتب کرنے کی ہدایت کر دی ۔ سپیشل افراد کے لئے خصوصی ہمت کارڈ اور بیت المال کے تحت نگہبان کارڈ کے اجرا کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وزیر اعلی نے کہا کہ معذوری کے ساتھ کام کرنے کے اہل افراد کے لئے قرضہ سکیم کا اجرا کیا جائیگا۔سپیشل افراد کو مالی خودمختاری کے لئے ایک سے دو لاکھ روپے قرضہ دیا جائے گا۔

معذور افراد کو وہیل چیئر اور دیگر مددگار آلات بھی مہیا کیے جائیں گے۔مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال ڈیپارٹمنٹ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ہر ڈویژن میں خواتین پر تشدد کے سد باب کے لئے وی اے ڈبلیو سی سنٹر بنانے اور سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال ڈیپارٹمنٹ کی ڈیجیٹلائزیشن کی اصولی منظوری دی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں لاہور، ملتان اور فیصل آباد کے سکلز ڈویلپمنٹ سنٹر کو فعال بنانے اور دیگر اضلاع میں قائم کرنے جبکہ سپیشل افراد کے لئے کام کرنے والی این جی اوز کے آڈٹ کی تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازنے سرکاری عمارتوں میں ریمپ اورسپیشل پرسن باتھ روم کی پابندی پر عملدرآمد کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہر نئی سرکاری بلڈنگ میں سپیشل افراد کے لئے باتھ روم اور ریمپ لازمی قرار دیا۔

اجلاس میں وویمن پروٹیکشن اتھارٹی ٹاسک فورس بنانے کی سفارشات پر غور اور ہر ڈویژن میں منشیات بحالی سنٹرز کے قیام کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، سینیٹرپرویز رشید، صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال سہیل شوکت بٹ، ایم پی اے ثانیہ عاشق، پرنسپل سیکرٹری،سیکرٹری سوشل ویلفیئر اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں