عازمین حج غیر رجسٹرڈ کمپنیوں اور سوشل میڈیا کے ذریعے ہرگزبکنگ نہ کرائیں، حافظ محمدطاہر محمود اشرفی

اتوار 28 اپریل 2024 18:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2024ء) چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمدطاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ عازمین حج غیر رجسٹرڈکمپنیوں اور سوشل میڈیا کے ذریعے ہرگزبکنگ نہ کرائیں، عازمین حج کو بہترین سہولیات دیں گے ، بیت اللہ میں کسی قسم کے سیاسی اور فرقہ وارانہ عمل کی اجازت نہیں، سعودی قوانین کی خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف مقدمہ درج ہونا چاہیے، مسئلہ فلسطین کا حل آزاد اور خود مختار ریاست کا قیام ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز (ہوپ )کے نمائندوں کے ہمراہ یہاں لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔ حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ حج بکنگ بند نہیں ہو ئی ابھی جاری ہے ، کچھ حج و عمرہ گروپس کے پاس سعودی وزارت حج و عمرہ کا اجازت نامہ نہیں ہے ، عازمین حج غیر رجسٹرڈ کمپنیوں اور سوشل میڈیا کے ذریعے بکنگ نہ کرائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حج کی بکنگ کے لئے پاکستان کے وزارت مذہبی امور کی جانب سے 904 رجسٹرڈ کمپنیاں موجود ہیں لہذا حج کیلئے درخواست گزار رجسٹرڈ کمپنیوں کے ذریعے درخواستیں دیں،حج بکنگ کی تاریخ بڑھانے پر سعودی حکومت کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو غیر رجسٹرڈ کمپنیاں آن لائن یا سوشل میڈیا کے ذریعے حج کی بکنگ کر رہی ہیں ،ہماری وزارت داخلہ سے اپیل ہے کہ ایف آئی اے کے ذریعے ایسے افراد کے خلاف ایکشن لیا جائے،اگر حجاج کرام کسی پرائیویٹ سیکٹر گروپ کیخلاف شکایت کریں تو اس کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی، اس حوالے سے حج آرگنائزر ز ایسوسی ایشن( ہوپ) کو آن بورڈ رکھا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ 9مئی سے عازمین حج کی سعودی عرب روانگی شروع ہو جائے گی ، اس سلسلے میں 5 مئی کو لاہور میں ایک بڑی تربیتی نشست ہو گی جس میں عازمین حج کو آگاہی دی جائے گی ، اس سال کراچی سے بھی روڈ ٹو مکہ پروگرام کے تحت 24 ہزار عازمین حج سعودی عرب جائیں گے ،اب تک کی بکنگ کے مطابق سعودی عرب میں انتظامات مکمل ہو رہے ہیں جبکہ اس حوالے سے پرائیویٹ سیکٹر کی تیاریاں بھی مکمل ہیں، سعودی وزارت حج و عمرہ کی طرف سے عازمین حج کو بہترین سہولیات د ی جائیں گی۔

طاہر اشرفی نے کہا کہ دو روز قبل وزارت حج و عمرہ نے عازمین کیلئے تنبیہ جاری کی ہے کہ حج کے دوران کسی بھی غیر شرعی عمل کی اجازت نہیں ہو گی ، صفا ومروہ اور بیت اللہ کے صحن میں لی گئیں تصاویر لگانا شرعاً جائزنہیں، بعض لوگ حرم شریف اور مدینہ منورہ میں پرچم اٹھاتے اور تصاویر بناتے ہیں جو غیر شرعی عمل ہے ، بیت اللہ میں کسی قسم کے سیاسی اور فرقہ وارانہ عمل کی اجازت نہیں، حرمین شریفین میں خلاف شریعت کام کرنیوالوں کے خلاف ایکشن لینا چاہیے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حج کے دوران سعودی عرب میں بھیک ما نگنے والوں میں پاکستانیوں کی تعداد سب سے زیادہ ہوتی ہے جو کہ قابل افسوس عمل ہے ۔ طاہر اشرفی نے کہا کہ رابطہ عالم اسلامی میں مجھے اور مولانا فضل الرحمن کو مجلس اعلی کا رکن منتخب کیا گیا ہے،رابطہ عالم اسلامی کے مجلس اعلی کے اجلاس میں مسئلہ فلسطین پر دوٹوک موقف اپنایا گیا اور کہا گیا کہ مسئلہ فلسطین کا حل آزاد اور خود مختارریاست کے قیام میں ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں