دو ممالک کے درمیان تعلقات میں عوامی سطح پر روابط بہت اہمیت رکھتے ہیں‘گورنر پنجاب

فلاحی کام کرنے والوں کی حوصلہ افزائی سے معاشرے میں دوسرے لوگوں میں اچھے کام کی تحریک پیدا ہوتی ہے‘بلیغ الرحمن

اتوار 28 اپریل 2024 20:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2024ء) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے گورنر ہائوس لاہور میں ریمن میگ سائے سائے ایوارڈفائونڈیشن کے وفدنے ملاقا ت کی۔وفد میں ریمون میگ سائے سائے ایوارڈ فائونڈیشن کی چیئرپرسن (Cecilia Lazaro) ،اخوت فائونڈیشن کے سربراہ ڈاکٹر امجد ثاقب اور ریمن میگ سائے سائے ایوارڈ فائونڈیشن اور اخوت فائونڈیشن کے چیف کوآرڈینیٹر ابوبکر صدیق سمیت دیگر عہدیداران شامل تھے ۔

اس موقع گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ ایسے فلاحی ادارے جو انسانیت کی بھر پور خدمت کررہے ہیں ، ان کی حوصلہ افزائی ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ فلاحی کام کرنے والوں کی حوصلہ افزائی سے معاشرے میں دوسرے لوگوں میں اچھے کام کی تحریک پیدا ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ جواپنی زندگیوں کو نوع انسانی کے لئے وقف کردیتے ہیں وہ عظیم ہیں۔

گورنر پنجاب نے اخوت فائونڈیشن کے سربراہ امجد ثاقب کی فلاحی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہیں ریمون میگ سائے سائے فائونڈیشن ایوارڈ ملنا پاکستان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اخوت، ایدھی،انڈس فائونڈیشن اور ان جیسے دیگر ادارے غربت ختم کرنے اور سماجی ترقی میں حکومت کے شانہ بشانہ اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ دو ممالک کے درمیان تعلقات میں عوامی سطح پر روابط بہت اہمیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بہت سے غیرملکی وفود ان سے ملتے ہیں تو بتاتے ہیں کہ پاکستان سے پہلے میذیا سے جو تاثر ملا تھا یہاں آ کر بالکل اس کے برعکس پایا۔ وفد کے شرکا نے گورنر پنجاب کا گورنر ہائوس مدعو کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے لوگ بہت مہمان نواز ہیں اور یہاں کی ثقافت بہت خوبصورت ہے۔اس موقع پر وفد کو گورنر ہائوس کا دورہ بھی کرایا گیا۔

علاوہ ازیں، گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے مقامی ہوٹل لاہور میں فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل کے بیٹوں کی دعوت ولیمہ میں شرکت کی۔گورنر پنجاب نے نئی زندگی کا آغاز کرنے والے جوڑوں کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود نے گورنر پنجاب کا دعوت ولیمہ میں شرکت کرنے پر ان شکریہ ادا کیا۔ تقریب دعوت ولیمہ میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، صوبائی وزرا، یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرزسمیت مختلف شعبہ ہائی زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں