برآمد سے متعلق رواں ہفتے مثبت حتمی حکومتی فیصلہ متوقع ہے‘ شوگر ملز ایسوسی ایشن

ثابت ہو چکا ملک میں اس وقت 15لاکھ ٹن اضافی چینی موجود ہے ‘ ترجمان کا بیان

پیر 29 اپریل 2024 22:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2024ء) پاکستان شوگر ملز ایسوایشن (پنجاب زون) نے کہا ہے کہ حکومت نے شوگر ملوں کو ملکی ضرورت سے اضافی چینی کی برآمد کی اجازت دینے سے قطعی انکار نہیں کیا۔ترجمان نے کہا کہ وزارتِ صنعت و پیداوار کے ذمہ دران سے رابطہ کرنے پر معلوم ہوا ہے کہ انہوں نے ایسی کوئی خبر جاری نہیں کی۔ وزارت میں جمع کروائے گئے اعداد و شمار سے یہ ثابت ہو چکا ہے کہ ملک میں اس وقت 15 لاکھ ٹن اضافی چینی موجود ہے اور حکومت کو جلد اسے برآمد کرنے کے حوالے سے کوئی فیصلہ کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

وزارت میں آخری ہونے والے اجلاس میں شوگر برآمد کی بابت اچھی پیشرفت ہوئی ہے اور اس ہفتہ میں شوگر ایکسپورٹس پر مثبت حتمی حکومتی فیصلہ متوقع ہے۔ چینی کی برآمدات کیلئے منفی تاثر قائم کرنے کے پیچھے سٹہ مافیا کا ہاتھ ہے جنہوںنے مہینے کے آخر میں اپنے سٹے کی رقم کو کلیئر کرنا ہوتا ہے۔ اس قسم کی چربہ سازی والی افواہیں مارکیٹ میں پھیلا کر یہ ملک دشمنی کا ثبوت دے رہے ہیں۔ وزارتِ پیداوار کے ذرائع کا نام استعمال کر کے ایسی خبروں کو پھیلانا ملک کی ایک بڑی ملکی انڈسٹری کے ساتھ ایک گھناونی سازش ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں