مسلم لیگ (ن) کی حکومت تعلیم دوست، ایجوکیشن ایمرجنسی کے تمام اہداف حاصل کریں گے‘ وزیر تعلیم

تعلیمی ایمرجنسی نافذ کرکے گذشتہ 76 سال کی تعلیمی محرومیوں کا ازالہ کریں گے‘ رانا سکندر حیات ہر بچے کو یکساں تعلیمی مواقع دیں گے، سرکاری سکول معیاری سکول بنائیں گے‘ وفد سے گفتگو

منگل 30 اپریل 2024 19:17

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2024ء) صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کی قیادت میں جلد تعلیمی ایمرجنسی نافذ کریں گے، ہم گذشتہ 76 سال کی تعلیمی محرومیوں کا ازالہ کریں گے اور تعلیمی ایمرجنسی کے نام پر گذشتہ حکومت کی طرح دلاسے نہیں دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آفٹر نون سکول پروگرام کے اساتذہ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

آفٹرنون سکول پروگرام کے اساتذہ نے صوبائی وزیر کو تنخواہوں، پروموشن اور آفٹرنون سکولز کو درپیش چیلنجز سمیت دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر وزیر تعلیم پنجاب نے مزید کہا کہ اساتذہ کے مسائل کا احاطہ ضروری ہے۔ انہیں ٹینشن فری ماحول مہیا کریں گے اور مسائل کا ازالہ کرتے ہوئے جائز مطالبے کو پورا کریں گے۔

(جاری ہے)

رانا سکندر حیات نے کہا کہ ملک کے بیشتر اضلاع میں تعلیمی صورتحال الارمنگ ہے اور سنجیدگی کا تقاضہ کرتی ہے۔

مسلم لیگ ن کی حکومت تعلیم دوست ہے۔ تعلیمی ایمرجنسی نہ صرف نافذ کریں گے بلکہ اس کے تمام اہداف حاصل کریں گے اور مثالی تعلیمی اصلاحات لاتے ہوئے ملک کو آئی سی یو سے نکالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی بجٹ بڑھائیں گے اور اس بجٹ کے ثمرات ہر بچے تک پہنچائیں گے۔ ہر بچے کو یکساں تعلیمی مواقع دیں گے اور سرکاری سکول معیاری سکول بنائیں گے۔ صوبائی وزیر تعلیم نے اساتذہ سے کہا کہ تعلیمی ایمرجنسی کے اہداف کا حصول اساتذہ کے تعاون کے بغیر حاصل نہیں کیا جا سکتا۔ آؤٹ آف سکول بچوں کے چیلنج سے نبٹنے کیلئے اساتذہ کا کردار بنیادی تصور ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی ایمرجسنی ملک کو آئی سی یو سے نکالے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں