پنجاب میں ایجوکیشن ایمرجنسی کے تناظر میں اہم تعلیمی اصلاحات لا رہے ہیں، رانا سکندر حیات

جمعرات 9 مئی 2024 21:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2024ء) وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ پاکستان میں تعلیمی ایمرجنسی کا نفاذ ہو چکا ، وزیر اعظم کی قیادت میں ملک کے ڈھائی کروڑ سے زائد آئوٹ آف سکول بچوں کو خواندہ بنانے کا ہدف مکمل کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ76 سال کی تعلیمی محرومیوں کا ازالہ اور پاکستان کو تعلیمی طور پر ایک مستحکم ملک بنائیں گے۔

گذشتہ روز مختلف اجلاسوں کی صدارت کرتے ہوئے وزیر تعلیم نے کہا کہ پنجاب میں ایجوکیشن ایمرجنسی کے تناظر میں اہم تعلیمی اصلاحات لا رہے ہیں، اس ضمن میں تمام افسران تعلیمی ریفارمز پر کام تیز کریں۔ رانا سکندر حیات نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی سربراہ مملکت نے تعلیم کی سرپرستی کا ذمہ لیا ہے، وزیر اعظم شہباز شریف نے خود شعبہ تعلیم اور ایجوکیشن ایمرجنسی کے تناظر میں اٹھائے جانے والے اقدامات کی نگرانی کا عندیہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ ملکر پاکستان کو تعلیم کے بحران سے نکالیں گے، تعلیمی بجٹ کے ثمرات ہر آئوٹ آف سکول بچے تک پہنچانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہر بچے کو یکساں تعلیمی مواقع دیں گے اور پنجاب کے ایک کروڑ سے زائد آئوٹ آف سکول بچوں کی تعلیم کے چیلنج سے عہدہ برآںہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے سکولوں کے طلبہ میں غذائی کمی کے چیلنج سے عہدہ برآں ہونے کیلئے نیوٹریشن پروگرام لا رہے ہیں،علاوہ ازیں سکلڈ بیسڈ ایجوکیشن کو یقینی بنایا اور فنی تعلیم کو عمومی تعلیم میں شامل کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی تعلیم دوست حکومت پاکستان کی تعلیمی ترقی کیلئے مثالی اقدامات بروئے کار لا کر ملک کو تعلیمی بحران سے نکالنے کیلئے پرعزم ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں