پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاک بھارت سیریز تنازع سے متعلق آئی سی سی میں تحریری جواب جمع کرادیا

بھارتی بورڈ کے معاہدے کی خلاف ورزی سے مالی نقصان ہوا ،معاہدے میں حکومتی اجازت سے متعلق کوئی شرط نہیں تھی‘جواب

بدھ 10 اکتوبر 2018 15:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2018ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاک بھارت سیریز تنازع سے متعلق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل میں تحریری جواب جمع کرادیا۔ذرائع کے مطابق پی سی بی کی جانب سے تحریری جواب 100 سے زائد صفحات پر مشتمل ہے جو آئی سی سی ڈسپیوٹ پینل کو لکھا گیا ہے۔ڈسپیوٹ پینل نے پاکستان اور بھارتی بورڈز کو جواب داخل کرانے کے لیے ایک ہفتے کی مہلت دی تھی۔

(جاری ہے)

پی سی بی نے اپنے جواب میں موقف اختیار کیا کہ بھارتی بورڈ کے معاہدے کی خلاف ورزی سے مالی نقصان ہوا اور معاہدے میں حکومتی اجازت سے متعلق کوئی شرط نہیں تھی۔یاد رہے کہ آئی سی سی ڈسپیوٹ پینل میں پاک بھارت سیریز کیس کی زبانی بحث 3اکتوبر کو ختم ہوئی تھی اور آئی سی سی نے زبانی بحث مکمل ہونے پر فریقین کو تحریری جواب جمع کرانے کو کہا تھا۔پاکستان اور بھارت کے درمیان 2014ء میں ہونے والے معاہدے کے تحت پاکستان اور بھارت کو 2015ء سے 2023ء کے دوران 6 دوطرفہ سیریز کھیلنا تھیں تاہم بھارت بعدازاں معاہدے سے مکر گیا۔پی سی بی کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ بھارت 70 ملین ڈالر ہرجانہ ادا کرے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں