سپر اسپورٹس نے 2023 تک پاکستان کے ہوم میچز اور ایچ بی ایل پی ایس ایل کےنشریاتی حقوق حاصل کرلیے

معاہدے کے تحت سپر اسپورٹس 83 روزپر مشتمل ہوم انٹرنیشنل کرکٹ اور ایچ بی ایل پی ایس ایل کوافریقی ریجن میں براہ راست نشر کرے گا

جمعرات 29 اکتوبر 2020 11:01

سپر اسپورٹس نے 2023 تک پاکستان کے ہوم میچز اور ایچ بی ایل پی ایس ایل کےنشریاتی حقوق حاصل کرلیے
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 اکتوبر2020ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے جنوبی افریقہ کے معروف اسپورٹس نیٹ ورک سپر اسپورٹس کے ساتھ تین سال کا معاہدہ کرلیا ہے۔ معاہدے کے مطابق سپر اسپورٹس دسمبر 2023 تک پاکستان میں کھیلی جانے والی تمام ہوم انٹرنیشنل سیریزاورسال 2021 سے 2023 تک کے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ  کا براڈکاسٹ لائسنس پارٹنر بن گیا ہے۔


اس معاہدے کے تحت تیس اکتوبر سے راولپنڈی میں شروع ہونے والی پاکستان اور زمبابوے کے خلاف محدود فارمیٹ کی سیریز کےافریقی  ریجن میں نشریات کے حقوق صرف سپر اسپورٹس کے پاس ہوں گے۔
ان تین سالوں میں پاکستان کو 9 ٹیسٹ، 20 ایک روزہ اور 18 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل 83روزہ ہوم انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنی ہے۔
ا س سے قبل پی سی بی ڈومیسٹک میچز کی تین سال تک پاکستان میں نشریات کے حقوق کا معاہدہ  پاکستان ٹیلی ویژن کے ساتھ کرچکا ہے۔

(جاری ہے)


پچیس سال قبل اپنی نشریات کا آغاز کرنے والے سپراسپورٹس نیٹ ورک میں آج 19  ایچ ڈی چینلز شامل ہیں،جن میں ایک بالخصوص کرکٹ کی کوریج کرتا ہے۔باقی 18 چینلز ٹینس، گولف، فٹبال سمیت دیگر کھیلوں کی کوریج کرتے ہیں۔
وسیم خان، چیف ایگزیکٹو پی سی بی:
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ ہمیں دنیا کے معروف اسپورٹس نیٹ ورک سپر اسپورٹس کے ساتھ شراکت داری پر خوشی ہے، سپر اسپورٹس کے ساتھ تین سالہ نشریاتی حقوق کے معاہدے سے اب افریقی ریجن میں بسنے والے کرکٹ مداحوں کو پاکستان کی ہوم انٹرنیشنل کرکٹ اور ایچ بی ایل پی ایس ایل کی براراست نشریات میسر ہوں گی۔


انہوں نے کہا کہ اس شراکت داری سے پاکستان کو اپنے باصلاحیت کھلاڑیوں، انٹرنیشنل میچز اور ایچ بی ایل پی ایس ایل کو دنیا تک پہنچانے میں معاونت ملے گی۔
مارک جوری، ہیڈ آف ایکوزیشن سپر اسپورٹس:
مارک جوری نے کہا کہ ہم پاکستان کے انٹرنیشنل ہوم میچز اور ایچ بی ایل پی ایس ایل کے براہ راست ایکشن کے لیے پی سی بی کے ساتھ اپنی شراکت داری پر بہت خوش ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں