انسانی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائیگا، صوبائی وزیر اعجاز عالم

منگل 18 ستمبر 2018 23:09

لالہ موسیٰ۔16 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2018ء) صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم نے کہا ہے کہ صوبے کے ہر شہری کے انسانی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا، ضلع کی سطح پر انسانی حقوق کے دفاتر کے قیام اور افسران کے تقرر کیلئے کام کرینگے، عیسائی برادری کے افراد کی شادی کے یونین کونسل میں اندراج کا اختیار چرچ کے پاس ہونا چاہیے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے لوکل گورنمنٹ اکیڈمی لالہ موسیٰ میں لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے سینئر افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈائریکٹر اکیڈمی خالد نذیر، ڈپٹی ڈائریکٹر طارق شیخ و دیگر افسران بھی موجود تھے، صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور نے کہا کہ دین اسلام میں انسانی حقوق کے تحفظ پر خصوصی زور دیا گیا ہے، پیغمبر اسلام نے اسلامی ریاست میں بسنے والے تمام غیر مسلموں کی عبادت گاہوں اور ان کے مذہبی راہنماؤں کی عزت و احترام کا درس دیا ہے، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق مقامی حکومتوں کو بااختیار بنانے کیلئے وزیر بلدیات علیم خان کی زیر نگرانی حکومت پنجاب لوکل گورنمنٹ سسٹم کو بہتر بنانے کیلئے سفارشات مرتب کر رہی ہے ، قانون سازی کا عمل مکمل ہونے کے بعد نئے نظام کو نافذ کر دیا جائیگا جس کے بعد ترقیاتی منصوبہ جات انہیں اداروں کے ذریعے کرائے جائیں گے اور ارکان پارلیمنٹ قانون ساز ی کیلئے توجہ مرکوز کر سکیں گے،صوبائی وزیر نے کہا کہ عیسائی برادری کی شادیوں کے اندراج کا اختیار افراد سے لے کر چرچ کو دیدیا جائے تو اس سے کرپشن ختم ہو سکتی ہے، اس حوالے سے عدالت عظمی میں زیر سماعت مقدمہ کے فیصلہ کے بعد اقدامات کئے جائیں گے۔

لالہ موسیٰ میں شائع ہونے والی مزید خبریں