بے ہنگم ٹریفک کنٹرول کرنے کیلئے موٹر سائیکل رکشہ کو روٹ الاٹ کئے جائیں گے، 17دسمبر سے بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والوں،

کم عمر موٹر سائیکل اور چاند گاڑی ڈرائیورز کو پٹرول فروخت پر پابندی یقینی بنانے کیلئے آگاہی مہم جاری ہے، اولڈ جی ٹی روڈ کو ٹریفک قوانین کے حوالے سے ماڈل سڑک بنایا جائے گا، ڈپٹی کمشنر گجرات

بدھ 12 دسمبر 2018 23:29

لالہ موسیٰ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2018ء) ڈپٹی کمشنر /چیئرمین ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ شہر میں بے ہنگم ٹریفک کنٹرول کرنے کیلئے موٹر سائیکل رکشہ ( چاند گاڑیوں) کو روٹ الاٹ کئے جائیں گے، 17دسمبر سے بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والوں، کم عمر موٹر سائیکل اور چاند گاڑی ڈرائیورز کو پٹرول فروخت پر پابندی یقینی بنانے کیلئے آگاہی مہم جاری ہے، بغیر ترپال مٹی لیجانیوالی 16ٹریکٹر ٹرالیوں کو تھانوں میں بند کر دیا گیا، 14کلو میٹر طویل اولڈ جی ٹی روڈ کو ٹریفک قوانین کے حوالے سے ماڈل سڑک بنایا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ممبران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل ) ملک غضنفر علی اعوان، سیکرٹری آر ٹی اے کامران اکبر، چیف آفیسر بلدیہ اخلاق وڑائچ، انسپکٹر شہزاد وڑائچ و دیگر ممبران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا کہ بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں ، کم عمر ڈرائیورز کو پٹرول کی فراہمی پر پابندی کے احکامات بارے شہریوں کو آگاہی فراہم کی جارہی ہے اور تمام پٹرول پمپس پر بینرز بھی لگوا دیے گئے ہیںنیز کسی پٹرول ایجنسی کو بھی ایسے افراد کو پٹرول فروخت کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

انہوںنے ہدایت کی کہ ٹریفک پولیس دو ہفتے میں موٹر سائیکل رکشائوں (چاندگاڑیوں) کی تعداد ، انکے ڈرائیورز/مالکان کے رہائشی علاقہ جات کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ پیش کرے، جسکے بعد تمام موٹر سائیکل رکشہ کو روٹ الاٹ کر دیا جائے گا ، روٹ کی خلاف ورزی کرنیوالوں کا چالان کیا جائے گا ۔ دیگر اضلاع میں رجسٹرڈ موٹر سائیکل رکشہ بھی چلانے کی بھی حوصلہ شکنی کی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ موٹر سائیکل سوار سائیڈ شیشی( بیک مرر) کا استعمال یقینی بنائیں، بغیر ہیلمٹ کے موٹر سائیکل چلانے والوں کیساتھ بیک مرر نہ لگانے والوں کے بھی چالان ہونگے۔ انہوںنے ٹریفک پولیس کی طرف سے بغیر ترپال مٹی اور ریت شہری علاقوں میں لیجانیوالی ٹریکٹر ٹرالیوں کی تھانوں میں بندش ، ڈرائیورز پر مقدمات کے اندراج کو سراہا اور کریک ڈائون جاری رکھنے کی ہدایت کی۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ اولڈ جی ٹی روڈ سائیں راجہ پھاٹک سے ٹول پلازہ تک ماڈل بنائی جائے گی، روڈ کی لین مارکنگ ہوگی اور ضلع کے دوسرے روڈ ز کیساتھ یہاں ٹریفک پولیس کی خصوصی نفری سیٹ بیلٹ نہ باندھنے والوں، اوور سپیڈ کرنیوالوں، بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والوں، بغیر بیک مرر موٹر سائیکل چلانے والوں، ون وے کی خلاف ورزی سمیت ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف خصوصی ایکشن لے گی۔

لالہ موسیٰ میں شائع ہونے والی مزید خبریں