ناصر حسین شاہ نے پیپلز پارٹی میں اختلافات کی خبروں کی تردید کردی

مراد علی شاہ کی کارکردگی بہت بہتر ہے، وہ میرٹ پر ہیں اور ہم سب ان کے ساتھ ہیں۔ صوبائی وزیر کی میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی اتوار 24 مارچ 2024 21:09

ناصر حسین شاہ نے پیپلز پارٹی میں اختلافات کی خبروں کی تردید کردی
لاڑکانہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 مارچ 2024ء ) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی میں اختلافات کی خبریں درست نہیں، ہم سب مراد علی شاہ کے ساتھ ہیں۔ لاڑکانہ پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بجلی کے بل کے حوالے سے بہت شکایات آرہی ہیں، عوام بھاری بلوں سے پریشان ہیں، انتظامیہ رمضان شریف کے بابرکت مہینے میں عام استعمال کی اشیاء کو حکومت کی طرف سے مقرر کردہ قیمتوں پر عوام تک پہنچائے تاکہ عوام کو روزمرہ کی اشیاء مناسب قیمت پر مل سکیں، بلیک مارکیٹنگ، ذخیرہ اندوزی اور اوور چارجنگ میں ملوث افراد کو معاف نہیں کیا جائے گا۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کچے کے علاقے اور امن و امان کے حوالے سے وزیرداخلہ کام کررہے ہیں، سندھ میں امن و امان ہماری ذمہ داری ہے، اس لیے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ اور وزیر داخلہ کو امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کی ہدایات دی ہیں، امن کی بہتری کے لیے سرگرم ہیں آنے والے دنوں میں بہتر نتائج سامنے آئیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے پیپلزپارٹی میں اختلافات کی خبروں کو بھی رد کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں تبادلوں اور تقرریوں میں کوئی اختلاف نہیں، سوشل میڈیا پر ایسی افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں جن میں کوئی صداقت نہیں، وزیراعلی کے لیے سید مراد علی شاھ بہتر رہے ہیں، اس لیے پارٹی قیادت نے انہیں نامزد کیا، مراد علی شاہ کی کارکردگی بہت بہتر ہے، وہ میرٹ پر ہیں اور ہم سب ان کے ساتھ ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے 20 لاکھ گھر بنانے کے منشور میں 20 ہزار گھر بنانے کا کام مکمل ہو چکا ہے اور دیگر گھروں کی تعمیر کا کام بھی تیزی سے جاری ہے اس کے علاوہ پارٹی منشور کے دیگر نکات پر بھی عمل کیا جائے گا، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے نظریے کو آگے بڑھایا جائے گا اور عوام کو مکمل ریلیف فراہم کیا جائے گا، کے پی کے اور دیگر صوبوں میں کسی حکومت نے سیلاب زدگان کے لیے گھر بنانے کی بات نہیں کی، صرف پیپلز پارٹی نے متاثرین کے لیے گھر بنانے کا اعلان کیا۔

لاڑکانہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں