تحریک لبیک پاکستان،لاڑکانہ عوامی اتحاد اور جمیعت علماء اسلام کا سندھ میں بلدیاتی انتخابات میں مبینہ دھاندلی پر دوبارہ پولنگ کا مطالبہ

بدھ 29 جون 2022 22:35

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2022ء) الیکشن کمیشن کی جانب سے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں منعقدہ انتخابات میں مبینہ دھاندلی پر سیاسی جماعتوں کے رہنماوں نے نتائج کو یکسر مسترد کرتے ہوئے دوبارہ انتخابات کا مطالبہ کردیا۔تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک لبیک پاکستان کے رہنمائوں نے کہا کہ حالیہ بلدیاتی الیکشن کے شفاف انعقاد میں الیکشن کمیشن مکمل ناکام ہوچکی ہے،سوشل میڈیا میں بوگس ووٹ کاسٹ کرنے اور بیلٹ باکس اور عملہ کو یرغمال بنانے کی ویڈیوز پوری قوم نے دیکھ لی ہیں۔

انہوں نے الیکشن کمیشن سے پرزور مطالبہ کیا کہ جن پولنگ اسٹیشنز پر دھاندلی کی ثبوت ہیں وہاں الیکشن کمیشن دوبارہ پولنگ منعقد کروائے اور حقیقی جمہوریت کر فروغ دیکر ملک و قوم کو انکا آئینی حق دیا جائے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب لاڑکانہ عوامی اتحاد کے رہنماء معظم علی عباسی نےبھی بلدیاتی انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف ایس ایس پی آفس کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک سیاسی جماعت کو حکومتی مشینری مکمل سپورٹ کررہی تھی اور ہمارے ایجنٹ اور ووٹرز کو ڈرا دھمکا کر یرغمال بنالیا گیا جس کے باعث ووٹ کاسٹنگ نہ ہوسکی اور مخالف حکومتی جماعت نے کھلم کھلا دھاندلی کی جس کے واضح ثبوت سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکے ہیں۔

انہوں نے الیکشن کمیشن سے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے دوبارہ پولنگ کی اپیل کی ہے۔

لاڑکانہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں