باجوڑ دھماکے کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانہ مالا کںڈ ریجن میں درج

مقدمہ نامعلوم دہشت گردوں کیخلاف درج کیا گیا،انسداد دہشت گردی سمیت مختلف دفعات شامل ہیں

Abdul Jabbar عبدالجبار پیر 31 جولائی 2023 10:49

باجوڑ دھماکے کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانہ مالا کںڈ ریجن میں درج
مالا کنڈ (اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 31 جولائی 2023ء) باجوڑ دھماکے کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق باجوڑ دھماکے کی ایف آئی آر نامعلوم دہشت گردوں کیخلاف سی ٹی ڈی تھانہ مالا کںڈ ریجن میں درج کی گئی ہے،ایف آئی آر ایس ایچ او تھانہ خار باجوڑ کی مدعیت میں درج کی گئی۔ مقدمے میں سیون اے ٹی اے،427،324 اور 302 سمیت دیگر دفعات شامل کی گئیں۔

ایف آئی آر میں کہا گیا کہ دھماکہ جے یو آئی کے کنونشن میں 4 بجکر 10 منٹ پر ہوا جس کی صدارت مولانا عبدالرشید کر رہے تھے،کنونشن میں 300 سے 350 افراد شریک تھے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز باجوڑ میں جے یو آئی کے ورکر کنونشن میں دھماکہ ہوا جس میں 40 سے زائد افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے باجوڑ دھماکے کی مذمت کی اور کہا کہ سیاسی جماعتوں پر حملے سے واضح ہے کہ دشمن پاکستان میں جمہوری نظام کے خلاف ہے جسکی قطعاً اجازت نہیں دی جائے گی۔

(جاری ہے)

ذمہ داران کی نشاندہی کرکے انہیں قرار واقعی سزا دی جائے گی،پاکستانی قوم، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور ہمارے محافظ دشمن کے ایسے بزدلانہ ہتھکنڈوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انکا کہنا تھا کہ مجھ سمیت پوری قوم واقعہ میں شہید ہونے والوں کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن سے ٹیلی فون پر گفتگو میں نہ صرف میں نے ان سے تعزیت کی بلکہ واقعہ کی تفصیلات کے بارے پوچھا۔

میں نے وزیرِ اعلی، چیف سیکٹری او آئی جی سے بھی ٹیلی فون پر گفتگو کی اور واقعے پر رپورٹ کے ساتھ ساتھ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات اور ہیلی کاپٹر سے اسپتال پہنچانے کی ہدایت کی۔ جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے باجوڑ دھماکے پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ باجوڑ میں دھماکے کا افسوس ہوا جس میں 40 قیمتی جانیں گئیں جبکہ 150 دیگر زخمی ہوئے۔

مالاکنڈ میں شائع ہونے والی مزید خبریں