گرینڈ اصلاحی جرگہ درگئی اور خیبر پختونخواہ قومی جرگہ نےتنازعات اور دشمنیوں کے خاتمہ کیلئے جرگہ کا کردار وقت کی ضرورت قرار دیا

منگل 2 اگست 2022 17:12

ملاکنڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اگست2022ء) گرینڈ اصلاحی جرگہ درگئی اور خیبر پختونخواہ قومی جرگہ نے جرگہ کے ذریعے معاشرے سے تنازعات اور دشمنیوں کے خاتمے کووقت کا اہم ترین ضرورت قرار دیا ۔ چھوٹے چھوٹے رنجشوں کی وجہ سے دشمنیاں جنم لیکر قیمتی جانوں کے ضیاع کا سبب بن رہے ہیں اس لئے جرگہ کے ذریعے سے ان مسائل کا حل وقت کا اہم ترین تقاضا اور تھانہ کچہریوں کے چکروں سے بچنے کا واحد حل ہے ۔

ضلع ملاکنڈ میں مصا لحتی کمیٹیاں بنا نا وقت کی ضرورت ہے ۔ اس سلسلے میں گرینڈ اصلاحی جرگہ تحصیل درگئی ، خیبر پختونخواہ قومی جرگہ اور ٹمبر ایسوسی ایشن درگئی کامشترکہ جرگہ ٹمبر مارکیٹ درگئی میں منعقد ہوا جس میں تحصیل چیئرمین درگئی پیر محمد اسلام غازی سمیت گرینڈ اصلاحی جرگہ کے صدر حاجی اکرم خان ، جنرل سیکرٹری مکرم خان صبا، مولانا خورشید احمد صدیقی ، خیبر پختونخواہ قومی جرگہ کے کنوینیر سہراب علی خان ، رحمت شاہ ساحل جان تحصیل کبل، انجینئر گل فراز خان ،حاجی آمیر زمان خان ، سبحان شیرین ، فرید گل ،، احمد نور ، صادق شاہ ، زیارت گل ، نور احمد، رحمت علی ہیبت گرام ، میاں رحیم شیر بریکوٹ ، قومی جرگہ کے تحصیل کنوینیر فضل احد خان عرف لالا جی غالیگے بریکوٹ ،باور خان ہیروشاہ ، حاجی صبر صادق ،سابق نائب ناظم ہیروشاہ وکیل شاہ، نبی گل ، اورنگزیب خان خٹک ،سابق ناظم پیر فضل عظیم اور حبیب سید سمیت جرگہ ممبران اور ٹمبر ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مشترکہ جرگہ سے گرینڈ اصلاحی جرگہ کے صدر حاجی اکرم خان ، جنرل سیکرٹری مکرم خان صبا، تحصیل چیئرمین درگئی پیر محمد اسلام غازی، مولانا خورشید احمد صدیقی ، خیبر پختونخواہ قومی جرگہ کے کنوینیر سہراب علی خان اوررحمت شاہ ساحل جان نے خطاب کرتے ہوئے معاشرے میں جرگہ کے اہمیت اور ضرورت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ مقررین نے کہا کہ معاشرے میں چھوٹے چھوٹے تنازعات کے خاتمے کے لئے فوری طور پر اقدامات نہ کرنے کی وجہ سے یہی مسائل بڑھ کر دشمنیوں میں تبدیل ہو جاتے ہیں جس سے قیمتی جانیں ضائع ہو رہے ہیں اس لئے ہمیں معاشرے میں جاری دشمنیوں اور تنازعات کے خاتمے کے لئے مخلصانہ کوششیں کرنی چاہئے تاکہ تھانوں اور کچہریوں کے چکروں سے نجات کیساتھ ساتھ قیمتی جانوں کے ضیاع کا خدشہ نہ ہوں ۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گرینڈ اصلاحی جرگہ اور ٹمبر ایسوسی ایشن درگئی کے جنرل سیکرٹری حاجی مکرم خان صبانے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ٹمبر مارکیٹ درگئی کے تاجروں کو درپیش مسائل فی الفور حل کئے جائیں کیونکہ مذکورہ ٹمبر مارکیٹ سے ہزاروں گھرانوں کے چولہے جل رہے ہیں لیکن عد م توجہ کی وجہ سے یہاں کے تاجر شدید مالی مشکلات سے دوچار ہیں۔انہوں نے متفقہ قرارداد کے ذریعے مطالبہ کیا کہ محکمے کے اعلیٰ حکام ٹمبر مارکیٹ درگئی پر خصوصی نظررکھے تاکہ کسی قسم کا غیر قانونی کام سرزد نہ ہوں ۔

اس دوران بجلی لوڈشیڈنگ ، بجلی بلز میں ایف پی اے کے نام پر لوٹ مار اور گیس بندش پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ مشترکہ جرگہ ممبران نے معاشرے سے دشمنیوں اور تنازعات کے خاتمے کے لئے مستقبل میں تعاون اور رابطے رکھنے پر اتفاق کیا اور فوری طور پر جرگہ مشران کے لئے تحصیل درگئی میں سرکاری دفتر الاٹ کرنے کا مطالبہ کیا گیا ۔\378

مالاکنڈ میں شائع ہونے والی مزید خبریں