غیر ملکی خواتین کا پاکستانی لڑکوں سے شادیوں کا رجحان، سوشل میڈیا پر تبصرے

ایک اور امریکی خاتون پاکستانی شہری کی محبت میں گرفتار ہو کر پاکستان پہنچ گئی جینی نے پاکستان پہنچتے ہی اسلام قبول کیا اور تنویر سے شادی کر لی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 26 نومبر 2018 12:05

منڈی بہاؤالدین(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 نومبر 2018ء) : رواں ماہ دو امریکی لڑکیاں پاکستانی شہریوں کی محبت میں گرفتار ہو کر پاکستان پہنچیں اور پاکستان پہنچتے ہیں شادیاں رچا لیں تاہم اب ایک اور امریکی خاتون پاکستانی شہری کی محبت میں گرفتار ہو کر پاکستان پہنچ گئی ہے۔ ہوا کچھ یوں کہ آن لائن گیم ''پوکر'' کھیلتے کھیلتے امریکی خاتون منڈی بہاؤالدین کے 26 سالہ نوجوان کی محبت میں مبتلا ہو گئی۔

امریکی خاتون نے اپنی محبت کی خاطر امریکہ سے پاکستان پہنچ کر شادی کر لی۔ 38 سالہ جینی انٹرنیٹ پر پوکر کھیلنے کے دوران 26 سالہ تنویر کی محبت میں گرفتار ہو گئی اور سات سمندر پار سے منڈی بہاؤالدین کے منشی محلہ پہنچ گئی۔ جینی نے شادی سے قبل اسلام بھی قبول کیا۔ تنویر اور جینی کی شادی میں قریبی عزیز و اقارب نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

جینی نے اپنے لئے اسلامی نام ''زینب'' تجویز کیا۔

نو بیاہتا جوڑا اپنی نئی زندگی پر بے حد خوش ہے۔ اس موقع پر امریکی خاتون زینب کا کہنا تھا کہ مجھے پاکستان آکر بہت اچھا لگا ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل 21 سالہ کاشف کی محبت میں مبتلا 41 سالہ امریکی خاتون نے اپنا گھر بار اور ملک چھوڑا اور پاکستان پہنچ کر نہ صرف اسلام قبول کیا بلکہ کاشف سے شادی بھی کر لی۔ جس کے بعد امریکہ کی ایک اور خاتون لاہور کے رہائشی لڑکے کی محبت میں گرفتار ہو کر پاکستان پہنچی۔

23 سالہ محسن اور 19 سالہ ماریہ انجیلا کی سوشل میڈیا سائٹ انسٹا گرام پر دوستی ہوئی، لیکن کچھ ہی عرصے کے بعد یہ دوستی پیار میں بدل گئی۔ محسن کی محبت میں گرفتار ہو کر 19 سالہ ماریہ انجیلا ہزاروں میل کا سفر طے کر کے لاہور پہنچ گئی۔ ماریہ کا کہنا تھا کہ میں اس شادی سے بے حد خوش ہوں اور جلد ہی اپنے محسن کو امریکہ لے جانا چاہتی ہوں۔ محسن اور ماریہ کی شادی میں شرکت کرنے والے مہمانوں نے بھی نئے جوڑے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

سوشل میڈیا پر امریکی خواتین کی پاکستان آ کر یہاں نے نوجوانوں سے شادیاں کرنے کے معاملے پر دلچسپ تبصرے ہو رہے ہیں ، اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ایسے لوگوں کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا جا رہا ہے کہ پاکستان میں لڑکے ایک سال بڑی لڑکی سے شادی کرنا گوارا نہیں کرتے اور امریکہ سے آئی آنٹیوں سے بھی بیاہ رچا لیتے ہیں جو ان کے دوہرے معیار کی عکاسی کرتا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین نے کہا کہ یہ سب لوگ شادیاں صرف امریکی پاسپورٹ کے حصول کے لیے کر رہے ہیں تاکہ بیوی کے پاسپورٹ پر امریکہ جا سکیں۔ سوشل میڈیا صارفین نے امریکی خواتین کی پاکستانی نوجوانوں کے ساتھ شادیوں کے اس رجحان پر تشویش کا اظہار بھی کیا۔

منڈی بہاؤالدین میں شائع ہونے والی مزید خبریں