ّ پولی تھین بیگز کااستعمال اور کاروبار کرنے والوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کرنیکی ہدایت

منگل 20 فروری 2024 19:45

&پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 فروری2024ء) کمشنر مردان ڈویژن شوکت علی یوسفزئی نے مردان اور صوابی کے ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت کی ہے کہ اپنے اضلاع میں پولی تھین بیگز کااستعمال اور کاروبار کرنے والوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کریں۔ اُنہوں نے چمتار بس ٹرمینل میں ٹرانسپورٹروں اور مسافروں کو ضروری سہولیات کی فراہمی اور شہر میں موجود غیر قانونی ٹرانسپورٹ اڈوں کے خلاف سخت ایکشن لینے اور تمام ڈٹینڈز کی نئے بس ٹرمینل میں فوری منتقلی کی بھی ہدایت کی۔

وہ اپنے دفتر میں ماہانہ کارکردگی اور ریونیو جائزہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر مردان ڈویژن نعیم اختر، ڈپٹی کمشنر مردان محمد فیاض خان شیرپاؤ، ڈی سی صوابی ڈاکٹر طارق اللہ، اسسٹنٹ ٹو کمشنر فضل الرحمان، مردان اور صوابی کے اسسٹنٹ اور ایڈیشنل کمشنرز اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں مردان اور صوابی میں سرکاری محاصل کی وصولی، افسران کی جانب سے تعلیمی اداروں ہسپتالوں اور پٹوار خانوں کے دوروں سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا گیا اور اس ضمن میں اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر مردان ڈویژن شوکت علی یوسفزئی نے پولی تھین بیگز کے خلاف مہم میں متعلقہ اسسٹنٹ کمشنروں کی عدم دلچسپی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ہدایت کی کہ وہ ماحول کو تباہ کرنے والے اس لعنت کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے انتظامی افسران کو اپنے دائرہ کار میں قانون کی عملداری قائم کرنے اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔ شوکت علی یوسفزئی نے مزید ہدایت کی کہ افسران مستقل بنیادوں پر کھلی کچہریوں کا انعقاد کریں اور عوام کو درپیش مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کو یقینی بنائیں۔

مردان میں شائع ہونے والی مزید خبریں