سکھر حیدر آباد موٹر وے منصوبے میں اربوں روپے کی کرپشن، زیر حراست ڈرائیور کے حیران کن انکشافات

کیش 3گاڑیوں میں پولیس گارڈز کی حفاظت میں ڈپٹی کمشنر کے گھر منتقل کیا، زیر حراست ڈرائیور وزیر بگٹی کی اینٹی کرپشن پولیس کو بیان

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری پیر 21 نومبر 2022 22:01

سکھر حیدر آباد موٹر وے منصوبے میں اربوں روپے کی کرپشن، زیر حراست ڈرائیور کے حیران کن انکشافات
مٹیاری (اُردو وپوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 21نومبر 2022) سکھر حیدر آباد موٹر وے منصوبے میں اربوں روپے کی کرپشن ،زیر حراست ڈرائیور کے حیران کن انکشافات۔کیش 3گاڑیوں میں پولیس گارڈز کی حفاظت میں ڈپٹی کمشنر کے گھر منتقل کیا،سکھر حیدر آباد موٹر وے منصوبے میں اربوں روپے کی کرپشن کی تحقیقات،زیر حراست ڈرائیور وزیر بگٹی کے انکشافات۔ نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق سکھر حیدر آباد موٹرے منصوبے میں سوا 2ارب روپے کی کرپشن کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر مٹیاری کے زیر حراست ڈرائیور نے حیران کن انکشافات کیے ہیں۔ ڈرائیور نے اینٹی کرپشن پولیس کو دیے گئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مٹیاری میں کیش ساہیوال کے گاؤں میر دار میں ڈپٹی کمشنر کے گھر پہنچایا گیا تھا۔

(جاری ہے)

ڈرائیور نے مزید انکشاف کیا کہ کیشن 3گاڑیوں میں کارٹن میں بھر کے پولیس گارڈز کی حفاظت میں منتقل کیاگیا۔ڈرائیور کے انکشاف کے بعد اینٹی کرپشن پولیس نے ڈی سی کے مزید 2پولیس گارڈز کو حراست میں لے لیا ہے۔

واضح رہے کہ آج سے چند روز قبل پونے دو ارب روپے کی کرپشن کے الزام میں ڈپٹی کمشنر مٹیاری عدنان راشد کو ان کے عہدے سے برطرف کرکے گرفتار کرلیا گیا تھا۔نجی ٹی وی نے اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ سکھر حیدرآباد موٹر وے ایم 6 منصوبے میں پونے دو ارب روپے کی کرپشن کے الزام میں ڈپٹی کمشنر مٹیاری عدنان راشد کو عہدے سے برطرف کرنے کے بعد گرفتار کرلیا گیا ہے۔

اینٹی کرپشن حیدرآباد نے رات گئے انہیں گرفتار کیا جب کہ ڈی سی ہاؤس مٹیاری کا سرچ آپریشن کرکے کئی اہم دستاویزات اپنی تحویل میں لے لی ہیں۔مذکورہ معاملے میں اسسٹنٹ کمشنر نیو سعید آباد منصور عباسی کو بھی معطل کرکے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جب کہ ڈی سی بے نظیرآباد شہریار میمن کو ڈپٹی کمشنر مٹیاری کا اضافی چارج دے دیا گیا ہے۔ مذکورہ معاملے پر چیف سیکریٹری سندھ سہیل راجپوت نے تحقیقات کرائی تھیں۔

تحقیقاتی دستاویزات کے مطابق این ایچ اے کی جانب سے ڈی سی مٹیاری کو زمین کی خریداری کے لیے 4 ارب 9 کروڑ روپے کی رقم دی گئی تھی۔4 ارب کی رقم دوسرے اکاؤنٹ میں منتقل کرکے 54 کروڑ کا منافع کمایا گیا۔ تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق کرپشن کے لیے زمین کی خریداری کی گئی اور سکھر حیدرآباد موٹر وے ایم 6 منصوبے میں 70 کلومیٹر کے راستے پر زمین کی خریداری کے نام پر ملزمان نے7 دن میں ایک ارب82 کروڑ روپے بینک سے کیش نکلوایا۔

ملزمان نے زمینوں کے مالکان کے نام کراس چیک کے بجائے اپنے نام پر رقم نکلوائی اور اے سی نیو سعید آباد نے کاشتکاروں کو زمین کے معاوضے کی ادائیگی چیک کے بجائے نقد رقم کی صورت میں کی۔ سندھ حکومت نےمزید تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی۔ جس میں ایڈیشنل سیکریٹری فنانس اور سیکریٹری سندھ پبلک سروس کمیشن شامل ہیں۔ کمیٹی تین دن میں اپنی رپورٹ سندھ حکومت کو پیش کرے گی۔ ذرائع اینٹی کرپشن کا کہنا ہے کہ عدنان راشد کو تحقیقات کیلئے حراست میں لیا ہے اور آج ان کا عدالت سے ریمانڈ لیا جائے گا۔

مٹیاری میں شائع ہونے والی مزید خبریں