علماء امن کمیٹی پاکستان کے سربراہ مفتی عقیل الرحمن پیرزادہ کی قیادت میں علماء کے اعلی سطحی وفد کی سعودی سفیر سے ملاقات

بدھ 22 اپریل 2015 17:24

منچن آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22اپریل۔2015ء ) علماء امن کمیٹی پاکستان کے سربراہ مفتی عقیل الرحمن پیرزادہ کی قیادت میں علماء کے اعلی سطحی وفد کی سعودی سفیر سے ملاقات ،حرمین کے خلاف جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا،وفدنے الشیخ جاثم محمد الخالدی کو پاکستانی علماء ،مشائخ اور عوام الناس کی جانب سے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

تفصیلات کے مطابق علماء امن کمیٹی پاکستان کے سربراہ ڈاکٹرمفتی عقیل الرحمن پیرزادہ کی قیادت میں علماء کے اعلی سطحی وفدنے اسلام آباد میں سعودی سفیرجاثم محمد الخالدی سے ملاقات کی مفتی عقیل الرحمن پیرزادہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام اور علماء کرام مشرق وسطی کی صورت حال سے غافل نہیں مشکل کی گھڑی میں سعودی عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہونگے۔

(جاری ہے)

پاکستان کی عوام مملکت سعودی سے ایک روحانی تعلق اور عقیدت رکھتی ہے۔انہوں نے سعودیہ اور اتحادیوں کی جانب سے حوثی باغیوں کے خلاف آپریشن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ باغی کسی صورت میں کامیاب نہیں ہونگے ۔حرمین کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنادیا جائے گا۔سعودی فضائیہ کی کامیابی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اسلام کے دشمن کبھی کامیاب نہیں ہوسکتے اس موقع پر انہوں نے امن کمیٹی کی جانب سے 6ہزار علماء کرام کا تحفظ الحرمین شریفین معاہدہ بھی سعودی سفیر کے حوالے کیا ۔

جس میں ہر قسم کی قربانی دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔ سعودی سفیرجاثم محمد الخالدی نے کہا کہ ہم سعودی حکومت اور آل سعودکے ساتھ پاکستانیوں کی محبت اور عقیدت کے بے حد مشکور ہیں مستقبل میں بھی ایسے تعلقات کی امید رکھتے ہیں وفد میں قاری عدیل الرحمن ،ڈویژنل چیئرمین امن کمیٹی فیصل آباد علامہ ادریس قاسمی بھی شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :

منچن آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں