میرپور میں زلزلہ سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے، پوری قوم متاثرین کے ساتھ ہے ،خواجہ فاروق احمد

میرپور کی تعمیر نو اور متاثرین کی بحالی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ، متاثرین کی باعزت بحالی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے،مرکزی جوائنٹ سیکرٹری تحریک انصاف

جمعرات 3 اکتوبر 2019 16:44

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اکتوبر2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری اور سابق وزیر حکومت خواجہ فاروق احمد نے کہا ہے کہ میرپور میں آنے والے زلزلہ سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے ۔ پوری قوم میرپور کے زلزلہ متاثرین کے ساتھ ہے ۔ مظفرآباد ڈویژن میں 14سال قبل آنے والے قیامت خیز زلزلہ کے بعد اہالیان میرپور نے جس ایثار ، محبت اور اخوت کا مظاہرہ کیا اور متاثرین کی مدد کیلئے آگے بڑھے وہ اپنی مثال آپ ہے ۔

متاثرین زلزلہ کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔ میرپور کے متاثرین کی بحالی کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کی جائے گی ۔ اگرچہ زلزلہ میں بہت نقصان ہوا ہے لیکن میرپور کے غیرت مند عوام نے جس عزم و ہمت کامظاہرہ کیا ہے وہ لائق تحسین ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میرپور میں زلزلہ متاثرہ علاقوں کھڑی شریف ، جاتلاں ، سموال اور دیگر علاقوں کے دورے کے دوران کیا۔

بعد ازاں خواجہ فاروق احمد نے سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے بھی ملاقات کی ۔ اس موقع پر چوہدری زوہیب اکبر ، ملک انصر ، مفتی خواجہ واجد اور دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ میرپور کے عوام آج آزمائش میں ہیں اس آزمائش کے دوران متاثرین نے صبرو استقامت کا مظاہرہ کیا اور آزمائش پر پورا اترے ۔

انہوں نے کہا کہ میرپور کی تعمیر نو اور متاثرین کی بحالی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔ میرپور کے متاثرین زلزلہ کے لئے جس پیکیج کا اعلان کیا گیا ہے یہ حتمی نہیں ہے یہ متاثرین کی داد رسی ہے ۔ نقصانا ت کا مکمل تخمینہ مرتب ہونے کے بعد متاثرین کی بحالی کیلئے معقول پیکیج کا اعلان کیا جائیگا۔ متاثرین کی باعزت بحالی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔

میر پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں