پاکستان سپر لیگ ، ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹر کو شکست دیدی

ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں پر 180 رنز بنائے،ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز ہی بنا سکی، محمدعلی مین آف دی میچ قرار پائے ۔

اتوار 25 فروری 2024 18:40

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 فروری2024ء) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کے نویں سیزن کے میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 13 رنز سے ہرا دیا،ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں پر 180 رنز بنائے،ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز ہی بنا سکی، محمدعلی مین آف دی میچ قرار پائے ۔

ملتان میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بالنگ کا فیصلہ کیا اور ملتان کو بلے باز ی کی دعوت دی۔ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں پر 180 رنز بنائے، ریزا ہینڈرکس 72 رنز بنا کر نمایاں بیٹر رہے جبکہ کپتان محمد رضوان نے 51 رنز بنائے۔

(جاری ہے)

اس طرح ملتان سلطانز نے جیت کیلئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 181 رنز کا ہدف دیا کوئٹہ کے محمد عامر 2 وکٹیں لے کر ٹاپ بالر رہے۔

ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز ہی بنا سکی۔42 رنز پر 2 وکٹیں گرنے کے بعد خواجہ نافع اور کپتان رائلی روسوو نے ٹیم کو سنبھالا اور بالترتیب 36 اور 30 رنز بنا کر ٹیم کی فتح کی امید روشن کی تاہم دونوں کے یکے بعد دیگرے آئوٹ ہوتے ہی کوئٹہ کی ٹیم لڑکھڑا گئی اور وقفے وقفے سے وکٹیں سے گرنے کے باعث کامیابی سے ہدف کا تعاقب نہ کر سکی۔

سر پر گیند لگنے کے باعث زخمی ہونے کی وجہ سے وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد بلے بازی کے لیے کریز پر نہ آئے اور یوں کوئٹہ کو 13 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔یہ ملتان سلطانز کی مسلسل چوتھی کامیابی ہے جبکہ کوئٹہ کو لگاتار تین میچز میں فتح کے بعد شکست کا مزہ چکھنا پڑا ہے۔ملتان کی جانب سے محمد علی اور ڈیوڈ ولی نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آٹ کیا جبکہ آفتاب ابراہیم 2 اور اسامہ میر ایک وکٹ حاصل کر سکے۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں