مریدکے ،حکومت نے مقامی سطح پر عوامی مسائل کو فوری حل کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے، سید طارق محمود بخاری

جو سرکاری آفیسران عوام کے لیے مسائل پیدا کریں گے انہیں گھر بھیج دیا جائے گا،ملک دشمن عناصر مختلف قسم کے لبادے اوڑھ کر عوام کو افراتفری میں مبتلا کرنے کی کوشش کررہے ہیں، ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ

جمعہ 8 فروری 2019 22:41

مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 فروری2019ء) ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ سید طارق محمود بخاری نے کہا ہے کہ حکومت نے مقامی سطح پر عوامی مسائل کو فوری حل کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے اور جو سرکاری آفیسران عوام کے لیے مسائل پیدا کریں گے انہیں گھر بھیج دیا جائے گا۔ملک دشمن عناصر مختلف قسم کے لبادے اوڑھ کر عوام کو افراتفری میں مبتلا کرنے کی کوشش کررہے ہیں مگر میڈیا کی زمہ داری ہے کہ وہ ایسے عناصر اور عوامل کو بے نقاب کرکے قوم کی راہنمائی کریں۔

وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کی خصوصی ہدائت پر"انصاف آپ کی دہلیز پر"پروگرام کے تحت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو) سید موسیٰ رضا، اسسٹنٹ کمشنر (کوارڈی نیشن) شبیر احمد بٹ، اسسٹنٹ کمشنر مریدکے سرمد تیمور، ایڈمن آفیسر محمد جاوید چوہان، ڈسٹرکٹ آفیسر انٹر پرائزز محمد شفیق، ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر سوشل ویلفیئر مریدکے مس نازیہ ممتاز، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال مریدکے ڈاکٹر عدنا ن القمر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈ مریدکے محمدنوید، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر مرزا امجد بیگ، اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسران چودھری علی رضا، نجم الثاقب، نمائندہ بلدیہ مریدکے چودھری محمد اشرف گجر کے ہمراہ تحصیل مریدکے میں اپنی پہلی کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ حکومت کی طرف سے تمام اعلی آفیسران کو ہدائت کی گئی ہے کہ کھلی کچہریوںکے دوران سامنے آنے والے مسائل کو فوری حل کیا جائے اور اراضی کے معاملات کی ضروری چھان بین کے بعد ایک ہفتے کے دوران ہی نمٹایا جائے جس پر عمل کرتے ہوئے تاحال اڑھائی سو سے زائد شکایات کو دور کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ مریدکے میں چوتھی کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا ہے جہاں درجن سے زائد سائلین نے محکمہ ریونیو کے متعلق شکایات پیش کی ہیں اور جی ٹی روڈ پر واقع ہونے کے باعث بیشتر شکایات نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے متعلقہ تھیں جنہیں متعلقہ محکمہ کے ذریعے دور کیا جائے گا۔ انہوںنے کہا کہ تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال مریدکے میں ڈائلسز سنٹر کی اپ گریڈیشن، جی ٹی روڈ کے اطراف سے عارضی و پختہ تعمیرات کا خاتمہ اور صفائی کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔

کھلی کچہری کے دوران عمران صدیق نامی نوجوان نے کہا کہ محکمہ ریونیو کی غلطی سے 1992میں ان کی جائیداد کے انتقال کر غلط اندارا ج کر دیا گیا جس کو درست کراتے کراتے اس کا والد دنیا سے رخصت ہو چکا ہے اور اب اس کی جگہ پر وہ در بدر کی ٹھوکریں کھا رہا ہے۔ موضع لیبر کالونی کے اللہ دتہ ولد خوشی محمد نے اپنے درخواست میں کہاکہ حلقہ پٹواری کی مبینہ ملی بھگت سے اس کے گھر کے سامنے واقع 55بازار کو فروخت کر دیا گیا ہے جس سے مبینہ قبضہ گروپ اس کا دروازہ بند کرنا چاہتا ہے۔

متحدہ پریس کلب کے چیئر مین سید قاسم علی شاہ اور صدر شیخ ساجد علی نے شہر میں جگہ جگہ غیر قانونی سپیڈ بریکروںکی برمار اور جی ٹی روڈ دفتر سوئی گیس کے سامنے مستقل بنیادوں پر کھڑے گندے پانی کے خاتمہ کا مطالبہ کیا جس پر ڈپٹی کمشنر سید طارق محمود بخاری نے اسسٹنٹ کمشنر مریدکے سرمد تیمور کو تمام شکایات فوری دور کرنے کا حکم دیا۔

مریدکے میں شائع ہونے والی مزید خبریں