مریدکی:مسافروں کے روپ میں سوار ہونے والے مسلح ڈاکوؤں نے گوجرانوالہ سے لاہور جانے والی مسافر ویگن کو مسافروں سمیت اغوا کرکے ویرانے میں لیجا کر لوٹ لیا

سنگد ل ڈاکوؤں نے خواتین اور بچوں سمیت تمام مسافروں کو لوٹنے کے بعد گرم چادریں اور جوتے بھی اتروا لئے

ہفتہ 15 جنوری 2022 23:11

مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جنوری2022ء) مسافروں کے روپ میں سوار ہونے والے مسلح ڈاکوؤں نے گوجرانوالہ سے لاہور جانے والی مسافر ویگن کو مسافروں سمیت اغوا کرکے ویرانے میں لیجا کر لوٹ لیا اور فرار ہو گئے۔سنگد ل ڈاکوؤں نے خواتین اور بچوں سمیت تمام مسافروں کو لوٹنے کے بعد گرم چادریں اور جوتے بھی اتروا لئے۔پولیس نے چند ہزار روپے کی ڈکیتی قرار دیتے ہوئے اعلی پولیس حکام کی آنکھوں میں دھول جھونک دی۔

لٹنے والے مسافر شدید سردی میں ننگے پاؤ ں چل کر اپنے گھروں کو لوٹنے پر مجبور ہو گئے۔ بتایا گیا ہے کہ مسافروں سے بھری ویگن گوجرانوالہ سے لاہور جا رہی تھی کہ رات سات بجے کے قریب مسافروں کے روپ میں سوار مسلح ڈاکوؤںنے تھانہ صدر مریدکے کی حدود میں داخل ہوتے ہی ڈرائیور کو گن پوائنٹ پر لے کر تمام مسافروں کو جان سے مار دینے کی دھمکی دے کر خاموش رہنے کا حکم دیا۔

(جاری ہے)

ڈاکو گاڑی کو یرغمال بنا کر مریدکے نارووال روڈ پر ایک ویرانے میں لے گئے جہاں انہوںنے تمام مسافروں کی تلاشی لے کر ان سے پانچ لاکھ روپے کے قریب نقدی، خواتین سے طلائی زیورات، موبائل فون اور لیپ ٹاپ سمیت دیگر قیمتی سامان چھین لیا۔ سفاک ڈاکوؤں نے مسافروں سے گرم چادریں بھی چھین لیں اور تمام مسافروں سے جوتے بھی اتروا لیے۔ ویگن عملہ لٹے پٹے مسافروں کو لے کر تھانہ صدر پہنچا جہاں مسافروں نے پولیس کو اپنی داستان سنا کر گھروں کی راہ لے لی۔

مسافروں کے مطابق ویگن عملہ نے انہیں مریدکے شہر میں اتار دیا جس کے بعد قرب جوار کے رہائشی ننگے پاؤں پیدل اپنے گھروں کو روانہ ہوئے جبکہ لاہور کے رہائشی مسافر بھیک مانگ کر گھروں تک پہنچ سکے۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے اعلی حکام کو صرف35ہزار روپے لوٹے جانے کی اطلاع دی ہے جبکہ مسافروں نے چھینی جانے والی رقم کو پانچ لاکھ روپے کے قریب قرار دیا ہے۔ پولیس نے ضروری کارروائی شروع کر دی ہے۔

مریدکے میں شائع ہونے والی مزید خبریں