مظفرآباد، ایڈیشنل سیکرٹری زراعت نصیر مغل کا نیلم کا دورہ

بدھ 26 اکتوبر 2022 23:22

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اکتوبر2022ء) ایڈیشنل سیکرٹری زراعت ولائیوسٹاک نصیر مغل نے ضلع نیلم کا ایک روزہ دورہ کیا۔دورہ میں نائب ناظم زراعت توسیع ضلع نیلم راجہ فراز سعید بھی ان کے ہمراہ تھے ۔زراعت آفیسر شاردہ شمس الزمان نے زرعی سرگرمیوں کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی۔انہوں نے بتایا کہ ضلع نیلم رقبہ کے اعتبار سے آزاد کشمیر کا سب سے بڑا ضلع ہے لیکن دیگر اضلاع کے مقابلہ میں چند بنیادی سہولیات سے محروم ہے جس کے لیے حکومت کو اس جانب توجہ دینا ہو گی۔

ضلع میں زرعی سرگرمیوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیلم آف سیزن سبزیات کی کاشت کے لیے نہایت موزوں علاقہ ہے۔ یہاں گل دائودی بھی آف سیزن کے طور پر کاشت کیا جاتا ہے، اخروٹ کی پیداوار بڑھانے کے لیے ہر سال ہزاروں کی تعداد میں نئے پودہ جات لگائے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

چیری کی پیداوار بھی قابل ذکر ہے۔ گزشتہ سیزن مکئی کی فصل کو فال آرمی ورم کے حملہ سے بچانے کے لیے 200کنال زرعی اراضی پر محکمہ کی جانب سے سپرے کیا گیا۔

بریفنگ کے بعدایڈیشنل سیکرٹری زراعت نصیر مغل نے اخروٹ، سیب اور چیری کے باغات کا معائنہ بھی کیا اور کہا کہ کثیر تعداد میں پھلوں کی پیداوار خوش آئند ہے ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اس پھل کو ضائع ہونے سے بچایا جائے جس کے لیے مارکیٹنگ کا انتظام کرنا وقت کا تقاضا ہے۔ چنانچہ پھلوں اور سبزیوں کی مارکیٹنگ کے لیے جامع حکمت عملی ترتیب دی جائے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہر فصل کی بیجائی سے لے کر کٹائی تک تمام مرحلوں پر زمینداران کی مکمل معاونت کریں اور انہیں زرعی کیلنڈر بھی مہیا کیے جائیں۔ ہر ماہ کے لیے ورک پلان مرتب کیا جائے اور اس کے مطابق فیلڈ وزٹ جاری رکھیں۔ زرعی مداخل کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ پیداوار پر اثر نہ پڑے ۔ آخر میں ایڈیشنل سیکرٹری زراعت نے کہا کہ زمینداران کی معاونت فرض عین سمجھ کر کی جائے ۔ اس سلسلہ میں سیکرٹریٹ زراعت کی سطح سے کسی بھی قسم کی غفلت نہیں برتی جائے گی۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں