پاکستان پیپلز پارٹی اور مزدوروں کا چولی دامن کا ساتھ ہے،شگفتہ نورین کاظمی

منگل 30 اپریل 2024 14:44

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2024ء) نائب صدر پاکستان پیپلزپارٹی خواتین ونگ آزاد جموں وکشمیر شگفتہ نورین کاظمی نے یکم مئی یوم مزدور کے موقع پر دنیا بھر کے مزدوروں کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مزدوروں کے حقوق کے احترام پر زور دیا ہے اور کہا ہے کہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے مزدوروں کے حقوق کیلئے قانون سازی کے ساتھ ہر شعبے میں مزدوروں کے حقوق کے تحفظ اور انہیں برابری کی سطح پر اختیارات دینے کیلئے گرانقدر کوششیں کیں۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور مزدوروں کا چولی دامن کا ساتھ ہے،یوم مئی منانا اصل میں ان مزدوروں اور تنخواہداروں کو خراج عقیدت اور خراج تحسین پیش کرنا ہے اور اس کے ساتھ ہی یہ عہد دہرانا ہے کہ ان کے وقار کا تحفظ کریں گے اور ملک کے مزدوروں کو باعزت روزگار کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ مزدوروں کے حقوق کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ شامل رہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ پارٹی کے بانی چیئرمین شہید ذوالفقار علی بھٹو اور ان کی صاحبزادی شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے مزدوروں سے وعدہ کیاتھا کہ وہ ان کی ملازمت میں تحفظ، مناسب تنخواہوں اور ان کے وقار کے حق کے لئے اور معاشرے میں ان کا جائز مقام دلانے کے لئے ان کے ساتھ ہے۔ انہوں نے مزدوروں کے حقوق کے لئے ان کے شانہ بشانہ جدوجہد کی اور پارٹی بھی اس بات کو یقینی بنائے گی کہ وہ اپنے شہید لیڈروں کے مزدوروں سے کئے گئے وعدوں کی پاسداری کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مزدوروں کے کام کرنے کے حالات میں بہتری لانا اور مزدوروں کے استحصال سے بچانا ایک مسلسل عمل ہے اور پارٹی اس مسلسل عمل میں مزدوروں کے شانہ بشانہ جدوجہد کرتی رہے گی۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں